بھارتی جارحیت، پاکستان کو مزید تین ملکوں کی حمایت مل گئی

ویب ڈیسک
|
3 May 2025
وزیراعظم شہباز شریف اور اسحاق ڈار نے عالمی رہنماؤں سے کشیدگی پر رابطہ کیا جس میں پاکستان کو اہم کامیابی ملی ہے اور تین ممالک نے مؤقف کی تائید کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے موجودہ پاک-بھارت کشیدگی اور خطے کی صورتحال پر عالمی رہنماؤں سے رابطے کیے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ترک سفیر سے ملاقات کی، جس میں بھارتی پراپیگنڈے اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا۔ شہباز شریف نے کہا کہ "بھارت پہلگام حملے پر جھوٹے الزامات لگا کر پاکستان کی دہشتگردی کے خلاف قربانیوں کو کمزور کرنا چاہتا ہے۔"
انہوں نے بین الاقوامی تحقیقات کی پیشکش کی اور ترکیہ کے کردار کو سراہا۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے یونانی اور سوئس وزرائے خارجہ سے فون پر بات چیت کی۔ انہوں نے بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدہ منسوخ کرنے اور جھوٹے الزامات پر سخت ردعمل دیا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ "بھارت کا رویہ علاقائی امن کے لیے خطرہ ہے، پاکستان اپنی خودمختاری کے تحفظ میں کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔"
یونانی اور سوئس وزرائے خارجہ نے پاکستان کے مؤقف کی حمایت کی اور غیرجانبدار تحقیقات کی تجویز کو سراہا۔ پاکستان کی جانب سے یہ اقدامات بین الاقوامی برادری کو بھارتی پروپیگنڈے کی حقیقت سے آگاہ کرنے اور علاقائی امن کے لیے سفارتی کوششیں تیز کرنے کا حصہ ہیں۔
Comments
0 comment