10 hours ago
بجٹ پر حکومت کو مشکلات، پی ٹی آئی اور پیپلزپارٹی کی قربتیں بڑھنے لگیں

ویب ڈیسک
|
16 Jun 2025
وفاقی بجٹ پر اپوزیشن جماعتوں میں ہم آہنگی کی کوشش، پی ٹی آئی نے پیپلز پارٹی کو مشترکہ حکمت عملی کی پیشکش کردی۔
مالی سال 2025-26 کے وفاقی بجٹ کی منظوری کو روکنے کے لیے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے پیپلز پارٹی (پی پی پی) کو بجٹ ووٹنگ سے دستبردار رہنے کی پیشکش کردی ہے۔
ذرائع کے مطابق، پی ٹی آئی کے سینئر رہنما اسد قیصر نے پارلیمنٹ ہاؤس میں پیپلز پارٹی کے سابق چیئرمین راجا پرویز اشرف سے ملاقات کی، جس میں دونوں جماعتوں کے درمیان بجٹ کے خلاف ممکنہ مشترکہ حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران اسد قیصر نے کہا کہ اگر پیپلز پارٹی بجٹ کے خلاف سنجیدہ ہے تو پی ٹی آئی اس کے ساتھ مکمل تعاون کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ اپوزیشن کا متحد ہونا حکومت پر دباؤ بڑھانے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔
راجا پرویز اشرف نے جواباً کہا کہ وہ اس پیشکش کو پارٹی قیادت، بشمول چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، کے سامنے رکھیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ بلاول بھٹو آج پارلیمنٹ پہنچ رہے ہیں اور اس معاملے پر فیصلہ کیا جائے گا۔
پیپلز پارٹی نے ابھی تک بجٹ کے حوالے سے اپنا حتمی موقف واضح نہیں کیا، لیکن پی ٹی آئی کی طرف سے کی گئی پیشکش نے سیاسی گلیاروں میں بحث کو تیز کردیا ہے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر دونوں بڑی اپوزیشن جماعتیں بجٹ کے خلاف متحد ہوگئیں تو یہ حکومت کے لیے ایک بڑا چیلنج ثابت ہوسکتا ہے۔ تاہم، اس معاملے پر پیپلز پارٹی کے اندرونی مشاورتی عمل کے بعد ہی حتمی صورتحال واضح ہوگی۔
Comments
0 comment