بنوں میں خوارج کا سیکیورٹی قافلے پر حملہ، لیفٹننٹ کرنل سمیت دو جوان شہید، 5 خوارج مارے گئے
ویب ڈیسک
|
21 Feb 2026
خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں سیکیورٹی فورسز نے اپنے قافلے پر ہونے والا بڑا حملہ ناکام بناتے ہوئے 5 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، تاہم اس کارروائی میں ایک لیفٹیننٹ کرنل اور ایک سپاہی شہید ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق 21 فروری کو انٹیلی جنس اطلاع پر کارروائی کی جا رہی تھی کہ اس دوران دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز کے قافلے کو نشانہ بنانے کی کوشش کی۔ فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بارودی مواد سے بھری گاڑی کو روک لیا، جس سے بڑا نقصان ہونے سے بچ گیا۔
ترجمان کے مطابق دہشت گرد بنوں شہر میں شہریوں اور سیکیورٹی اہلکاروں کو نشانہ بنانا چاہتے تھے۔ فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کا پتا لگا کر کارروائی کی، جس کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں 5 دہشت گرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ حملے کے دوران دہشت گردوں نے دھماکا خیز مواد سے بھری گاڑی فوجی گاڑی سے ٹکرا دی، جس کے نتیجے میں لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز اور سپاہی کرامت شاہ شہید ہو گئے۔ لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز ایک بہادر افسر تھے اور خود اگلے مورچوں پر جوانوں کی قیادت کر رہے تھے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ دہشت گرد افغانستان کی سرزمین استعمال کرتے ہوئے پاکستان میں کارروائیاں کر رہے ہیں اور افغان طالبان انہیں روکنے میں ناکام رہے ہیں۔
پاک فوج کے مطابق ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے آپریشنز جاری رہیں گے اور جوانوں کی قربانیاں اس عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں کہ پاکستان میں امن ہر صورت قائم کیا جائے گا۔
Comments
0 comment