بروقت وصولی نہ کرنے پر شناختی کارڈ منسوخ کرنے کا فیصلہ

بروقت وصولی نہ کرنے پر شناختی کارڈ منسوخ کرنے کا فیصلہ

نادرا نے شہریوں کیلیے الرٹ جاری کر دیا
بروقت وصولی نہ کرنے پر شناختی کارڈ منسوخ کرنے کا فیصلہ

ویب ڈیسک

|

17 Dec 2025

نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے تیار شدہ کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ (سی این آئی سی) مقررہ مدت کے اندر نادرا دفاتر سے وصول کر لیں، بصورت دیگر انہیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

نادرا کے مطابق نئی پالیسی کے تحت جو شناختی کارڈ مقررہ تاریخ کے بعد تین ماہ کے اندر وصول نہیں کیے جائیں گے، انہیں مستقل طور پر ضائع کر دیا جائے گا۔ ایسی صورت میں درخواست گزار کو دوبارہ درخواست دینا ہوگی اور مقررہ فیس بھی ازسرِنو ادا کرنا پڑے گی۔

اتھارٹی نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ غیر ضروری دفاتر کے چکر لگانے سے بچنے کے لیے پاک آئی ڈی موبائل ایپ کا استعمال کریں یا گھر پر شناختی کارڈ کی ترسیل کی سہولت حاصل کریں، تاکہ شناختی کارڈ براہِ راست موصول ہو سکے۔

دریں اثنا نادرا اور ڈائریکٹوریٹ جنرل آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹس نے باہمی تعاون سے پاسپورٹ درخواستوں کے لیے نیا فنگر پرنٹ تصدیقی نظام متعارف کرایا ہے۔ اس نظام کے تحت درخواست گزار اب کسی بھی وقت اور کسی بھی مقام سے پاک آئی ڈی ایپ کے ذریعے فنگر پرنٹس کی تصدیق کر سکتے ہیں۔

نادرا کے مطابق اگر فنگر پرنٹ کی تصدیق میں مسئلہ پیش آئے تو شہری ایپ میں موجود فیشل ریکگنیشن فیچر کے ذریعے بھی اپنی شناخت کی توثیق کر سکتے ہیں۔

نئے پاسپورٹ کے لیے درخواست دینے کے خواہشمند شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ آن لائن پورٹل پر جا کر درخواست مکمل کریں اور فنگر پرنٹ ویری فکیشن کے مرحلے پر پاک آئی ڈی ایپ میں لاگ ان ہو کر “آن لائن پاسپورٹ” کا آپشن منتخب کریں۔ اس کے بعد پاسپورٹ ٹریکنگ آئی ڈی اور سی این آئی سی نمبر کے ذریعے بایومیٹرک اور فیشل ویری فکیشن کا عمل مکمل کیا جا سکتا ہے۔

نادرا کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد شہریوں کو سہولت فراہم کرنا اور شناختی دستاویزات کے حصول کے عمل کو مزید آسان اور شفاف بنانا ہے۔

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!