کفایت شعاری : بیرون ملک دوروں میں فائیو سٹار ہوٹل میں قیام پر پابندی
Webdesk
|
18 Mar 2024
کابینہ ڈویژن نے کفایت شعاری پالیسی کااجراء کرتے ہوئے سرکاری افسران کے بیرون ملک دوروں کے دوران فائیو سٹار ہوٹل میں قیام پر پابندی عائدکردی ہے۔
ذرائع کے مطابق کابینہ ڈویژن کی وفاقی کابینہ کے فیصلوں کی روشنی میں جاری کر دہ پالیسی کے تحت سرکاری افسران کوانتہائی ضروری کام کے علاوہ بیرون ملک سفر کرنے نہ کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں ہیں۔ بیرون ملک دوروں پر ٹیلی کانفرنسنگ کو ترجیح دی جائیگی۔
وفاقی وزرا، وزیر مملکت، مشیر، معاونین، سیکریٹریز، ایڈیشنل سیکریٹریز اور انچارج ڈویژنز کے سرکاری دورے وزیر اعظم کی منظوری سے مشروط ہوں گے۔
وزیر اور سیکریٹری کے ایک ہی وقت بیرون ملک دوروں پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔بیرون ملک دوروں کی تمام تفصیلات وزارت خارجہ کو فراہم کرنا لازمی ہوں گی۔20 ویں یا اوپر کے گریڈ کے افسران اور تین ممبران کے وفد کی اجازت متعلقہ وزیر سے لی جائے گی۔
وزیر خارجہ، وفاقی وزرائاور وزیر مملکت بھی بزنس کلاس میں سفر کریں گے،صدر اور چیف جسٹس فرسٹ کلاس سفری سہولیات کے مجاز ہوں گے جبکہ وزیر اعظم، چیئرمین سینیٹ، سپیکر قومی اسمبلی بزنس کلاس کے مجاز ہوں گے۔
بیرون ممالک دوروں کی تمام تفصیلات 15 روز میں وزارت خارجہ میں جمع کروانا لازمی ہوگا اور ایسے ممالک کے ساتھ رابطہ نہ کیا جائے جن سے پاکستان سفارتی تعلقات نہیں ہیں۔
پالیسی کے مطابق قومی اسمبلی اور سینیٹ اجلاسوں کے دوران کابینہ ارکان بیرون اور اندرون ملک سفر کرنے سے گریز کریں۔
Comments
0 comment