ڈی چوک پر رینجرز کی مبینہ فائرنگ سے 3 ہلاک ، 13 زخمی
Webdesk
|
26 Nov 2024
پی ٹی آئی کے احتجاج کے دوران ڈی چوک پر رینجرز کی مبینہ طور پر فائرنگ کے نتیجے میں تین افرادہلاک اور 13دیگر زخمی ہو گئے۔
یہ دعویٰ آغا شیخ سرور نامی صحافی نے ڈی چوک کی مبینہ طور پر ایک ویڈیو کے ذریعے ایکس پر کیا ہے۔
بشریٰ بی بی اور گنڈا پور کی قیادت میں پی ٹی آئی کے کارکنان اسلام آباد پہنچ گئے ہیں تاکہ حکومت کو عمران خان کی رہائی پر مجبور کیا جائے۔
وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کے احتجاج کے دوران بدامنی پر قابو پانے کے لیے پاک فوج کو اسلام آباد میں تعینات کر دیا گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق فوج کو آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت بلایا گیا ہے، جس میں افراتفری پھیلانے میں ملوث افراد کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کرنے کی سخت ہدایت کی گئی ہے، جس میں دیکھتے ہی دیکھتے گولی مارنے کا حکم دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ فوج کو امن و امان برقرار رکھنے کے لیے کسی بھی علاقے میں کرفیو لگانے کا اختیار دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ رات اسلام آباد میں سری نگر ہائی وے پر پی ٹی آئی کے احتجاج کے دوران نامعلوم افراد نے رینجرز اہلکاروں پر گاڑی چڑھا دی تھی جس کے نتیجے میں 4 رینجرز اہلکار جاں بحق جب کہ 5 زخمی ہو گئے تھے۔ حملے میں دو پولیس اہلکار بھی شدید زخمی ہوئے۔
Comments
0 comment