افغانیوں کو شناختی کارڈ بناکر دینے والے چار افسران گرفتار
ویب ڈیسک
|
27 Dec 2023
وفاقی تحقیقاتی ایجنسی نے غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کو شناختی کارڈ بنا کر دینے کے کیس میں نادرا کے چار سابق افسران کو حراست میں لے لیا۔
تفصیلات کے مطابق شناختی کارڈز کے غیر قانونی اجرا کیس میں بڑی پیشرفت اُس وقت سامنے آئی جب وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد نے کارروائی کرکے جعلی شناختی کارڈ بنانے پر نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے 4 افسران گرفتار کیا۔
ایف آئی اے ترجمان کے مطابق گرفتار افراد میں طاہر، عدنان، عامر اور طیب شامل ہیں جو میگا سینٹرل میں بطور ڈپٹی اسسٹنٹ ڈائریکٹر اور سینئر ایگزیکٹیو کے عہدوں پر تعینات تھے۔
ایف آئی کے مطابق ملزمان نے 2019 اور 2020 میں غیر ملکیوں کو شناختی کارڈ جاری کیے اور مختلف لوگوں کے بائیو میٹرک کی مدد سے افغان شہریوں کا پاکستانی فیملیز کے ساتھ اندراج کیا۔
دوران تفتیش یہ بات بھی سامنے آئی کہ ملزمان دیہاڑی دار اور نشے کے عادی افراد کو افغان شہریوں کا والد ظاہر کرکے کارروائی مکمل کرتے اور شناختی کارڈ جاری کرتے تھے۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزمان نے شناختی کارڈ جاری کرنے کی آڑ میں بھاری رقوم وصول کیں اور کئی شناختی کارڈ بنا کر دیے۔
Comments
0 comment