غیر ملکی فنڈنگ کیس میں 2 نئے گواہ شامل
ویب ڈیسک
|
20 Feb 2026
وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے پی ٹی آئی کے بانی عمران خان اور دیگر کے خلاف فارن فنڈنگ کیس میں چالان میں تبدیلی کا فیصلہ کیا ہے، کیونکہ تفتیش میں دو نئے افراد کو شامل کیا گیا ہے۔
اسلام آباد کی بینکنگ کورٹ میں کیس کی سماعت جج عبدالغفور کاکڑ نے کی۔ سماعت کے دوران پی ٹی آئی کے چیف فنانس آفیسر سراج احمد اور ایک نجی بینک کے ملازم فیصل قاضی کو طلب کیا گیا۔ استغاثہ کی جانب سے خصوصی پراسیکیوٹر وسیم ملک عدالت میں پیش ہوئے۔
پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ اس سے پہلے جزوی چالان جمع کرایا جا چکا ہے، تاہم دو نئے ملزمان کی شمولیت کے بعد اب ضمنی چالان کے بجائے مکمل چالان جمع کرایا جائے گا۔ عدالت نے استفسار کیا کہ مکمل چالان جمع کرانے میں کتنا وقت درکار ہوگا، جس پر پراسیکیوٹر نے 10 سے 15 دن کی مہلت مانگی۔
عدالت نے ہدایت کی کہ عمران خان اور دیگر کے خلاف مکمل چالان 5 مارچ تک جمع کرایا جائے۔ اس کے ساتھ ہی سراج احمد اور فیصل قاضی کی عبوری ضمانت میں بھی 5 مارچ تک توسیع کر دی گئی۔ کیس کی آئندہ سماعت بھی 5 مارچ کو ہوگی۔
یاد رہے کہ اگست 2022 میں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے قرار دیا تھا کہ تحریک انصاف کو غیر قانونی فنڈنگ موصول ہوئی۔ کمیشن کے مطابق پارٹی نے جان بوجھ کر ووٹن کرکٹ لمیٹڈ نامی کمپنی سے 21 لاکھ 20 ہزار ڈالر حاصل کیے، جو کاروباری شخصیت عارف نقوی کی ملکیت تھی۔
Comments
0 comment