حکومت کا جعلی خبروں کی روک تھام کیلیے سخت قانون بنانے کا فیصلہ، پانچ سال قید ، 10 لاکھ جرمانہ ہوگا
ویب ڈیسک
|
3 Dec 2024
حکومت نے جعلی خبروں کی روک تھام کیلیے سخت قانون بنانے کا فیصلہ کیا ہے جس کا ابتدائی مسودہ تیار ہوگیا، نئے قانون کے تحت جعلی خبر پر پانچ سال قید، 10 لاکھ جرمانہ ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق حکومت نے سائبر کرائم ترمیمی بل کا ابتدائی مسودہ تیار کر لیا ، جس کے تحت ڈیجیٹل رائٹس پروٹیکشن اتھارٹی قائم کی جائے گی جو سوشل میڈیا کو بلاک کرنے یا ہٹانے کا اختیار رکھے گی۔
قانونی مسودے کے مطابق اتھارٹی قانون نافذ کرنے والے اداروں یا کسی شخص کے خلاف مواد ہٹانے کے احکامات جاری کرسکتی ہے جب کہ قانون نافذ کرنے والوں سمیت دیگر اداروں یا کسی شخص کے خلاف خبر دینے اور دہشت پھیلانے والا مواد ہٹادیا جائےگا۔
ترمیمی مسودے کے مطابق اتھارٹی کے پاس ریاست اور ریاستی اداروں کے خلاف نفرت پھیلانے سے متعلق مواد کو بھی ہٹانے کا اختیار ہوگا۔ ترمیمی بل کے تحت کسی شخص کو ڈرانے، جھوٹا الزام لگانے اور پورنو گرافی سے متعلق مواد کو بھی ہٹایا جاسکے گا جب کہ جان بوجھ کرجھوٹی معلومات پھیلانے، خوف و ہراس اور بدگمانی پیدا کرنے والوں کو 5 سال قید یا10 لاکھ روپے جرمانہ ہوگا۔
حکام کے مطابق اتھارٹی کا ایک چیئرمین اور 6 اراکین ہوں گے جب کہ اتھارٹی کے فیصلے کے خلاف ٹربیونل سے رجوع کیا جا سکے گا۔
Comments
0 comment