ہاں میرا بیٹا جانور ہے کیونکہ وہ ایک شیر کا بہادر بیٹا ہے، والد ارمغان

ویب ڈیسک
|
26 Feb 2025
کراچی: مصطفی عامر قتل کیس کے مرکزی ملزم ارمغان کے والد کامران قریشی نے کہا ہے کہ ہاں میرا بیٹا جانور ہے کیونکہ وہ ایک شیر باپ کا بہادر بیٹا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مصطفیٰ عامر قتل کیس کے مرکزی ملزم ارمغان کے والد محمد کامران قریشی نے پولیس پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس نے ان کے بیٹے کے ساتھ ناانصافی کی ہے اور ان کے گھر پر چھاپے مار کر اہم شواہد کو مسخ کر دیا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پولیس نے ان کے گھر کے تمام کیمرے توڑ دیے تاکہ حقائق سامنے نہ آ سکیں۔
ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ 8 فروری کو پولیس نے ان کے گھر پر چھاپہ مارا اور کھانے پینے کی چیزیں بھی اٹھا کر لے گئی، شاید اس میں سے بھی کوئی شواہد نکالنے کی کوشش کی گئی ہو۔
انہوں نے کہا کہ ان کے گھر میں لوٹ مار کی گئی اور وہ اس کی ثبوت پیش کریں گے۔قریشی نے مزید کہا کہ پولیس نے 8 فروری کو اپنے ہاتھ پر خود گولی مار کر ان کے بیٹے پر الزام لگایا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ان کے گھر سے برآمد ہونے والا تمام اسلحہ لائسنس یافتہ اور قانونی تھا، لیکن پولیس نے اسلحہ کی برآمدگی کا مقدمہ درج کرنے سے انکار کر دیا۔
انہوں نے پولیس کی تفتیش پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ تفتیش کے دوران ان کے بیٹے کی آنکھوں پر پٹیاں باندھ کر تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ قریشی کے مطابق، تشدد کرنے والے اینٹی وائلنٹ کرائم سیل کے اہلکار نہیں تھے، بلکہ ان کے بیٹے سے بہیمانہ تشدد کر کے اعتراف جرم کرانے کی کوشش کی گئی۔
قریشی نے مقتول مصطفیٰ عامر کی والدہ کے بیان پر بھی ردعمل دیا، جس میں انہوں نے ارمغان کو "جانور" کہا تھا۔ قریشی نے کہا کہ ہاں، ان کا بیٹا جانور ہے، کیونکہ وہ ایک شیر کا بیٹا ہے۔
انہوں نے پولیس کی جاری کردہ ڈی این اے رپورٹ پر بھی سوال اٹھایا اور دعویٰ کیا کہ وہ ثابت کریں گے کہ یہ رپورٹ غلط ہے۔
کامران قریشی نے کہا کہ ایدھی کے مواچھ گوٹھ قبرستان سے نکالی جانے والی مسخ شدہ لاش مصطفیٰ عامر کی نہیں تھی، بلکہ کسی اور کی لاش کو مصطفیٰ عامر کی لاش بتایا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مصطفیٰ عامر ان کے بچوں کی طرح تھا اور اس کی اور اس کی والدہ کی آہ رائیگاں نہیں جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مصطفیٰ عامر کی والدہ بھی پولیس کے جال میں پھنس گئی ہیں اور پولیس انہیں بے وقوف بنا رہی ہے۔
آخر میں، قریشی نے میڈیا پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا نے ان کے بیٹے کے کیس کو اپنی ریٹنگ کے چکر میں خراب کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ میڈیا کا سامنا تب ہی کریں گے جب انہیں لائیو ٹیلی کاسٹ کیا جائے گا۔
Comments
0 comment