آج بھی بہت سارے لیڈر بغیر وضو کے نماز کیلیے کھڑے ہوجاتے ہیں، فضل الرحمان کا انکشاف
ویب ڈیسک
|
27 Sep 2024
جمعیت علما اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے دعویٰ کیا ہے کہ آج بھی بہت سارے لیڈر بغیر وضو کے نماز کیلیے کھڑے ہوجاتے ہیں اور یہ آپ کے حاکم ہیں۔
روالپنڈی کے مدرسہ دارالعلوم تعلیم القرآن راجہ بازار میں ختم نبوت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ آج ہماری حالت یہ ہے کہ ہم غاصب سے بھیک مانگ رہے ہیں، سپریم کورٹ میں ختم نبوت کے کیس میں چاہتے تو وکیل کو پیش کرسکتے تھے، سب دوستوں نے کہا آپ نے ضرور عدالت جانا ہے، میں نے کہا کہ میں ساری زندگی عدالت نہیں گیا لیکن دوستوں کے کہنے پر سپریم کورٹ پہنچا تو اللہ نے عزت رکھی اور مسئلہ حل ہوا۔
انہوں نے کہا کہ لاہور میں منعقدہ ختم نبوت کانفرنس میں تاریخ کا سب سے بڑا اجتماع ہوا، پوری نسل نے ثابت کیا کہ اس پلیٹ فارم پر ہم ایک ہیں،طاقت حاصل کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے لیکن یہ اسلام کی طاقت ہونی چاہیے۔
فضل الرحمان نے کہا کہ ہم آج یہودیوں کے سامنے جھک رہے ہیں،یہ وہ یہودی ہیں جنہیں خیبر سے ہم نے نکالا تھا،اسرائیل ناسور کی صورت میں عرب کے سینے پر موجود ہے،قیام پاکستان کے بعد بانی پاکستان نے کہا تھا کہ اسرائیل ناجائز بچہ ہے،آج ہم بابائے قوم کی یہ بات کیوں نہیں کرتے؟
اُن کا کہنا تھا کہ فلسطین میں پچاس ہزار سے زائد لوگ شہید کر دیئے گئے، امریکا اور نیٹو ممالک اسرائیل کی سپورٹ کر رہے ہیں،پہلے تم نے کہا عراق میں خطرناک ہتھیار ہیں، غلطی تسلیم کرکے بھی صدام کو پھانسی دیدی گئی۔
انہوں نے کہا کہ امریکا اسرائیل کو خطرناک مہلک ہتھیار دے رہا ہے، میرے پاس کچھ لوگ آئے کہ افغانستان میں خواتین کو تعلیم کا حق نہیں دیا جا رہا،میں نے کہا خواتین کی تعلیم کی بات کرتے ہو مگر فلسطین میں ظلم تمہیں نظر نہیں آتا۔
سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ فلسطین کے معاملے پر مسلم حکمران گونگے بنے بیٹھیں ہیں، ہم صرف ظاہری مسلمان ہیں مگر اندر سے کھوکھلے ہیں،حماس حکومت نہیں تنظیم ہے، ایک تنظیم نے مسئلہ فلسطین کو اجاگر کر دیا، کچھ گماشتے ٹی وی پر آ کر کہتے تھے اسرائیل کو تسلیم کرنا وقت کی ضرورت ہے، ان عناصر کے منہ کو توڑ دینا چاہیئے۔
جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ بعض لوگ کہتے ہیں کہ ختم نبوت خالص دینی مسئلہ ہے اس کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں اگر علماء پارلیمنٹ میں نہ ہوتے تو آپ کیسے کہتے کہ ہمارا آئین اسلامی ہے، آج بھی بہت سے لیڈر بغیر وضو کے نماز کیلئے کھڑے ہو جاتے ہیں کیا یہ ہیں آپ کے حاکم؟
Comments
0 comment