اجرک ڈیزائن والی نمبر پلیٹ کیخلاف درخواست پر سندھ ہائیکورٹ نے فیصلہ جاری کردیا

اجرک ڈیزائن والی نمبر پلیٹ کیخلاف درخواست پر سندھ ہائیکورٹ نے فیصلہ جاری کردیا

عدالت نے درخواست کو مسترد کرکے نمبر پلیٹس کو جائز قرار دے دیا
اجرک ڈیزائن والی نمبر پلیٹ کیخلاف درخواست پر سندھ ہائیکورٹ نے فیصلہ جاری کردیا

ویب ڈیسک

|

13 Dec 2025

سندھ ہائیکورٹ نے صوبائی حکومت کی جانب سے متعارف کرائی گئی نئی اجرک ڈیزائن نمبر پلیٹس کے خلاف دائر درخواست کو ناقابلِ سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق، شہری فیصل حسین نے عدالت سے رجوع کیا تھا اور مؤقف اختیار کیا تھا کہ حکومت نے روایتی نمبر پلیٹس کے بجائے اجرک ڈیزائن والی پلیٹس کو لازمی قرار دے کر عوام پر اضافی مالی بوجھ ڈال دیا ہے۔

درخواست گزار نے نشاندہی کی کہ ان نئی پلیٹس کی قیمت 500 سے 3000 روپے تک ہے، جبکہ گاڑی مالکان پہلے ہی نمبر پلیٹس کی فیس ادا کر چکے ہیں۔

درخواست گزار کے وکیل نے استدلال پیش کیا کہ ایکسائز ڈیوٹی کی ادائیگی کے بعد شہریوں نے اپنی نمبر پلیٹس حاصل کی تھیں، لہٰذا نئی پلیٹس بغیر اضافی چارجز کے فراہم کی جانی چاہئیں۔

وکیل کے مطابق حکومت کی جانب سے اضافی فیس کا نفاذ غیرقانونی ہے اور عدالت سے درخواست تھی کہ اس فیس کو ختم کیا جائے اور پرانی پلیٹس استعمال کرنے والوں کے خلاف کوئی زبردستی نہ کی جائے۔

سماعت کے دوران عدالت نے واضح کیا کہ درخواست میں اٹھایا گیا اعتراض صرف نئی پلیٹس کی مقررہ فیس تک محدود ہے، جسے قانون کے منافی قرار نہیں دیا جا سکتا۔

عدالتی حکم میں یہ بھی نوٹ کیا گیا کہ 17 دسمبر 2024 کے نوٹیفکیشن میں نئی پلیٹس کے بہتر سیکیورٹی فیچرز کی تفصیل درج ہے، جس کا مقصد جعل سازی کی روک تھام ہے۔

عدالت نے وکیلِ درخواست گزار کے تمام نکات مسترد کرتے ہوئے قرار دیا کہ درخواست کسی مضبوط قانونی بنیاد پر قائم نہیں، لہٰذا اسے خارج کیا جاتا ہے۔

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!