کراچی میں ٹریفک قوانین پر عملداری، پیپلزبس اور ای وی ٹیکسی کے کیمرے سیف سٹی سے منسلک کرنے کا فیصلہ

کراچی میں ٹریفک قوانین پر عملداری، پیپلزبس اور ای وی ٹیکسی کے کیمرے سیف سٹی سے منسلک کرنے کا فیصلہ

سندھ حکومت نے منصوبے کو ابتدائی طور پر تیار کرلیا، جلد عملدرآمد ہوگا
کراچی میں ٹریفک قوانین پر عملداری، پیپلزبس اور ای وی ٹیکسی کے کیمرے سیف سٹی سے منسلک کرنے کا فیصلہ

ویب ڈیسک

|

6 Nov 2025

سندھ حکومت نے پیپلز بس سروس اور الیکٹرک وہیکل (ای وی) ٹیکسی سروس میں نصب نگرانی کیمروں کو سیف سٹی نیٹ ورک سے منسلک کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

سندھ کے سینئر وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ اور ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ انٹیلی جنٹ ٹرانسپورٹ سسٹم (ITS) کو سیف سٹی پروجیکٹ سے جوڑنے سے سیکیورٹی میں بہتری، ٹریفک کے مؤثر انتظام اور عوامی حفاظت کو مزید مضبوط بنایا جا سکے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس نظام کے ذریعے پبلک ٹرانسپورٹ کی ریئل ٹائم مانیٹرنگ ممکن ہوگی، جس سے سڑکوں پر کسی بھی واقعے کی صورت میں فوری کارروائی کی جا سکے گی۔

شرجیل میمن نے تصدیق کی کہ ای وی ٹیکسی سروس کا باضابطہ آغاز دسمبر میں کیا جائے گا، جو شہریوں کو سستی، محفوظ اور ماحول دوست سفری سہولت فراہم کرے گی۔

انہوں نے کراچی میں سرمایہ کاروں کے ساتھ ملاقات کے دوران بتایا کہ منصوبے کے لیے چارجنگ اسٹیشنز اور آپریشنل فریم ورک پر تفصیلی بات چیت ہوئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کراچی سمیت سندھ کے دیگر شہروں میں جدید ٹرانسپورٹ نظام فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے، تاکہ عوام کو روایتی ٹیکسیوں کے مقابلے میں ایک آرام دہ اور جدید سفری متبادل میسر ہو۔

مزید برآں، خواتین کے لیے خصوصی پنک ای وی ٹیکسی سروس بھی متعارف کرائی جائے گی، جو خواتین مسافروں کو زیادہ محفوظ اور آرام دہ سفر فراہم کرے گی۔ دونوں سروسز کو سیف سٹی نیٹ ورک کے تحت مانیٹر کیا جائے گا تاکہ نگرانی اور شفافیت یقینی بنائی جا سکے۔

وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ سندھ حکومت نجی شعبے کے اشتراک سے پائیدار ٹرانسپورٹ اور ماحولیاتی منصوبوں کو فروغ دے رہی ہے۔ ان کے مطابق، ای وی ٹیکسی منصوبہ نہ صرف عوام کے لیے آسانیاں پیدا کرے گا بلکہ صوبے کی معیشت کے استحکام میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!