کراچی ایئرپورٹ سے مختلف ایئرلائنز کی 15 پروازیں منسوخ
Webdesk
|
16 Dec 2025
کراچی : موسمی خرابی، تکنیکی وجوہات اور مسافروں کے کم لوڈ کے باعث کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے مختلف ایئرلائنز کی مجموعی طور پر 15 پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔
ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق منسوخ ہونے والی پروازوں میں ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل دونوں روٹس شامل ہیں، جس کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
ذرائع کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے)کی کراچی سے لاہور شام 7 بجے روانہ ہونے والی پرواز پی کے 306 اور لاہور سے کراچی آنے والی پرواز پی کے 307 منسوخ کر دی گئی۔
اسی طرح پی آئی اے کی دوپہر ایک بجے کراچی سے ملتان جانے والی پرواز پی کے 330 بھی منسوخ رہی۔ایئرسیال کی کراچی سے لاہور شام 7 بجے کی دو طرفہ پروازیں 145 اور 146 منسوخ کر دی گئیں، جبکہ ایئرسیال کی کراچی سے اسلام آباد دوپہر ایک بجے کی دو طرفہ پروازیں 123 اور 124 بھی آپریٹ نہ ہو سکیں۔
اس کے علاوہ ایئرسیال کی کراچی سے اسلام آباد کی پرواز 141 بھی منسوخ کر دی گئی۔ ایئر بلو کی کراچی سے لاہور شام 5 بجے کی پرواز 404 بھی منسوخی کی فہرست میں شامل رہی۔
انٹرنیشنل پروازوں میں ایتھوپین ایئر کی کراچی سے ادیس ابابا شام 5 بجے کی پرواز منسوخ کی گئی، جبکہ سلام ایئر کی کراچی سے مسقط کی پرواز بھی آپریٹ نہ ہو سکی۔
گلف ایئر کی کراچی سے بحرین کی دو طرفہ پروازیں 750 اور 751 بھی منسوخ کر دی گئیں۔ ایئرپورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ پروازوں کی منسوخی کے باعث مسافروں کو طویل انتظار اور متبادل انتظامات میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
Comments
0 comment