کرم میں جائیداد کے تنازع پر 10 افراد ہلاک، حالات کشیدہ

کرم میں جائیداد کے تنازع پر 10 افراد ہلاک، حالات کشیدہ

وزیراعلی اور گورنر نے حالات کا نوٹس لے کر انتظامیہ کو ہدایت جاری کردیں
کرم میں جائیداد کے تنازع پر 10 افراد ہلاک، حالات کشیدہ

ویب ڈیسک

|

27 Jul 2024

خیبرپختونخوا کے ضلع کرم میں جائیداد کے تنازع نے 10 افراد کی جانیں لے لیں۔

تفصیلات کے مطابق ضلع کرم میں دو فریقین کے درمیان جائیداد کے تنازع پر جھگڑا ہوا جو دیکھتے ہی دیکھتے خونی تصادم میں تبدیل ہوگیا اور دونوں گروپوں نے ایک دوسرے پر گولیاں برسا دیں۔

ذرائع کے مطابق گزشتہ دو روز سے جاری تصادم کے باعث دس افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوچکے ہیں، مسلح افراد مورچہ زن ہوکر ایک دوسرے پر فائرنگ کررہے ہیں۔

علاقہ مکینوں نے حکومتی رٹ نہ ہونے کا شکوہ ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس معاملے کو فرقہ وارانہ رنگ دینے کی بھی کوشش کی جارہی ہے۔

اُدھر گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی اور وزیراعلیٰ نے واقعہ پر اظہار افسوس کرتے ہوئے 10 افراد کے جاں بحق ہونے پر دلی رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔

گورنر نے اپنے بیان میں متاثرہ خاندانوں سے اظہار ہمدردی، زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی اور پولیس و ضلعی انتظامیہ کو جھڑپیں رکوانے میں موثر کردار ادا کرنیکی ہدایت کردی۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ امن و امان یقینی بنانے کیلئے فوری اقدامات اٹھائے، پر تشدد واقعات امن کیلئے خطرہ ہیں، زمینی تنازعات کو باہمی مشاورت، پرامن طریقے سے نمٹایا جائے، کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

وزیر اعلی خیبر پختونخوا سردار علی امین گنڈاپور نے نوٹس لیتے ہوئے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کو جھڑپیں ختم کرنے کے لئے اقدامات کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ اور پولیس فریقین کے درمیان سیز فائر کے لئے فوری اقدامات اٹھائے،  کسی کو بھی قانون اپنے ہاتھ میں لینے اور علاقے کا امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے۔

علی امین گنڈا پور نے کہا کہ انتظامیہ اور پولیس علاقے میں حکومت اور قانون کی عملداری کو یقینی بنائے، فریقین جائیداد کے تنازعات مل بیٹھ کر قبائلی روایات کے مطابق جرگے کے ذریعے حل کریں،  جائیداد کے تنازعات پر اس طرح کی جھڑپیں علاقے کے امن کو خراب کر سکتے ہیں، تنازعات کو باہمی مشاورت سے پر امن طریقے انداز میں حل کرنا فریقین سمیت پورے علاقے کے مفاد میں ہے۔

وزیر اعلی نے جھڑپوں میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلیے دعا بھی کی۔

 

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!