کرم میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، 7 خوارج ہلاک، کیپٹن سمیت 5 جوان شہید
ویب ڈیسک
|
29 Oct 2025
راولپنڈی: سیکیورٹی فورسز نے 29 اکتوبر 2025 کو ضلع کرم کے علاقے دوگر میں خفیہ اطلاع پر دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کیا۔ کارروائی کے دوران بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے 7 دہشت گرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، فورسز نے مؤثر کارروائی کے ذریعے دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا، تاہم شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران کیپٹن نومان سلیم اور پانچ جوانوں نے جامِ شہادت نوش کیا۔
بیان کے مطابق، کیپٹن نومان سلیم (عمر 24 سال، تعلق ضلع میانوالی) ایک بہادر میڈیکل آفیسر تھے جو اپنے فرائضِ منصبی کے ساتھ ساتھ محاذ پر بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوئے۔
حوالدار امجد علی (عمر 39 سال، ضلع صوابی)، نائیک وقاص احمد (عمر 36 سال، ضلع راولپنڈی)، سپاہی اعجاز علی (عمر 23 سال، ضلع شکارپور)، سپاہی محمد ولید (عمر 23 سال، ضلع جہلم)، سپاہی محمد شہباز (عمر 32 سال، ضلع خیرپور) شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی دیگر دہشت گرد کو ختم کیا جا سکے۔
فوجی ترجمان نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے "عزمِ استحکام" کے وژن کے تحت دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے بھرپور انداز میں کارروائیاں جاری رکھیں گے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان کی مسلح افواج غیر ملکی حمایت یافتہ دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں، اور شہداء کی قربانیاں ملک میں امن کے استحکام کی ضمانت ہیں۔
Comments
0 comment