کرپشن کی روک تھام کیلیے سندھ حکومت نے آن لائن شکایت درج کرانے کی سہولت پیش کردی
ویب ڈیسک
|
10 Dec 2024
سندھ حکومت نے محکمہ اینٹی کرپشن سندھ میں آن لائن کمپلینٹ رجسٹریشن سسٹم متعارف کروادیا اور تعلیمی اداروں میں کرپشن کے خلاف آگاہی پروگرام شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے.
وزیر اینٹی کرپشن سردار محمد بخش مہر کا انسداد بد عنوانی کے عالمی دن اور محکمہ اینٹی کرپشن کے افسران کو ایف آئی اے کی جانب سے تربیت دینے کی افتتاحی تقریب کے دوران صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھاکہ محکمہ اینٹی کرپشن سندھ میں آن لائن کمپلینٹ رجسٹریشن سسٹم متعارف کروادیا ہے اور تعلیمی اداروں میں کرپشن کے خلاف آگاہی پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ آن لائن کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم سے محکمہ کی کارکردگی بہتر ہوگی اور لوگوں کا اعتماد بھی بڑھے گا، سندھ کی عوام کا اینٹی کرپشن کے محکمے پر اعتماد بحال کروائیں گے، ہر شعبے میں اصلاحات اور ترقی چاہتے تھے جس سے محکمے کا بھی بھلا ہوگا اور محکمے میں کام کرنے والوں کا بھی بھلا ہوگا.
وزیر اینٹی کرپشن سندھ سردار محمد بخش مہر کا مزید کہنا تھا کہ محکمہ اینٹی کرپشن سندھ کے افسران و اہلکاروں کے لیے تربیت کا آغاز کیا گیا ہے، جس کے تحت ایف آئی اے کے افسران اینٹی کرپشن اہلکاروں کو خصوصی تربیت دیں گے، اب ایف آئی اے افسران محکمہ اینٹی کرپشن کے اہلکاروں کو پکڑنے کی تربیت دیں گے۔
سردار محمد بخش مہر کا کہنا تھا کہ آن لائن کمپلینٹ رجسٹریشن سسٹم متعارف ہونے کے بعد شہریوں کے لیے اب کسی بھی سرکاری محکمہ میں بد عنوانی کی شکایت درج کروانا انتہائی آسان ہوگا، کرپشن معاشرے کےلئے ناسور ہے اور ہمارے لئے چیلنج ہے کہ اس کو کیسے ختم کرنا ہے، ہمیں جدید دور کے تقاضوں کے مطابق اس برائی کے خاتمے کےلئے کام کرنا ہے اور وسائل سے لیس ہونا ہے، جب تک کرپشن کے خلاف زیرو ٹالیرنس پالیسی نہیں ہوگی تب تک ہمیں کامیابی نہیں مل سکتی ہے۔
سردار محمد بخش مہر کا کہنا تھا کہ اینٹی کرپشن افسران کی تربیت اور وسائل کی فراہمی چاہتے ہیں، جدید دور کے تقاضوں کے مطابق ہمیں ٹیکنالوجی کا استعمال کرنے کی ضرورت ہے جس سے شفافیت بھی آئے گی۔
Comments
0 comment