معرکہ حق میں فتح کے بعد فوج کے اندرونی ڈھانچے میں تبدیلی ضروری تھی، رانا ثنا اللہ
ویب ڈیسک
|
11 Nov 2025
وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ معرکہِ حق میں کامیابی کے بعد فوج کے اندرونی ڈھانچے میں تبدیلی ناگزیر تھی۔
نجی ٹی وی سے گفتگو میں رانا ثنااللہ نے بتایا کہ حکومت نے اپوزیشن کو پیشکش کی تھی کہ قومی مسائل پر مشترکہ لائحہ عمل کے لیے مل بیٹھ کر بات کی جائے، تاہم تحریک انصاف نے اس حوالے سے تعاون نہیں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ 27ویں آئینی ترمیم پر بھی پی ٹی آئی سے مذاکرات کی کوشش کی گئی، مگر وہ بات چیت پر آمادہ نہیں۔
انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں معرکہِ حق "بنیان المرصوص" میں کامیابی عطا کی، اور اسی تجربے سے حاصل سبق کی روشنی میں فوج کے داخلی ڈھانچے میں اصلاحات کی گئیں، جو مکمل طور پر پیشہ ورانہ نوعیت کا معاملہ ہے، سیاسی نہیں۔
رانا ثنااللہ نے مزید کہا کہ 27ویں ترمیم میں تعلیم، صحت، آبادی اور بلدیاتی نظام سے متعلق مکمل اتفاق رائے نہیں ہو سکا۔ بلدیاتی نظام پر پیش رفت کی کوشش کی گئی ہے اور ان اہم عوامی معاملات پر گفت و شنید جاری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جیسے جیسے اتفاق رائے پیدا ہوتا جائے گا، ترمیمی نکات میں مزید بہتری لائی جائے گی، تاہم ان ترامیم کی منظوری کے لیے دو تہائی اکثریت لازمی شرط ہے۔
Comments
0 comment