مچھ حملہ، 9 دہشت گرد ہلاک، چار جوان اور دو شہری شہید
ویب ڈیسک
|
30 Jan 2024
آئی ایس پی آر نے بتایا ہے کہ مچھ میں ہونے والے حملے کے نتیجے میں تین خودکش بمباروں سمیت 9 دہشت گرد ہلاک ہوئے جبکہ 4 جوان اور دو شہری شہید ہوئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے میں بتایا گیا ہےکہ 29/30 جنوری کی رات بلوچستان میں مچھ اور کولپور کمپلیکسز پر خودکش بمباروں سمیت متعدد دہشت گردوں نے حملہ کیا تاہم سیکیورٹی فورسز نے حملہ ناکام بنا دیا 3 خودکش بمبار سمیت 9 دہشتگرد مارے دیے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز اورقانون نافذ کرنے والے اداروں نے دہشتگردوں کے حملوں کا بھر پورجواب دیا، جس کے بعد علاقے میں سیکیورٹی فورسز کو فوری طور پر متحرک کردیا گیا ہے اور آپریشن جاری ہے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ مچھ کی صورت حال کنٹرول میں ہے، اب تک 3 خودکش حملہ آوروں سمیت 9 دہشت گرد جہنم واصل اور 3 زخمی ہو چکے ہیں۔ تاہم فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں کے چار بہادر اہلکاروں نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا جبکہ دو معصوم شہری بھی شہید ہوئے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کا بھر پور جواب دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ان کے بے لوث عزم کا ثبوت ہے پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک میں امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لیے قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہیں۔
Comments
0 comment