محکمہ موسمیات نے ربیع الاول کے چاند سے متعلق پیشگوئی کردی
Webdesk
|
5 Aug 2026
کراچی: محکمہ موسمیات نے ربیع الاول 1448 ہجری کے چاند کی رویت کے حوالے سے اہم پیشگوئی کر دی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق یکم ربیع الاول 15 اگست بروز ہفتہ ہونے کا امکان ہے، ربیع الاول کے آغاز اور چاند کی رویت کا حتمی اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کرے گی۔
محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کرتے ہوئے کہا کہ 13 اگست کی شام ربیع الاول کا چاند نظر آنے کا امکان نہیں. یکم ربیع الاول 15 اگست بروز ہفتہ اور 12 ربیع الاول 26 اگست بروز بدھ کو ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ ملک کے بیشترعلاقوں میں 13 اگست کی شام موسم جزوی ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔
کراچی میں چاند غروب ہونے کا وقت شام سات بجکر چالیس منٹ مقرر ہے، فلکیاتی پیرا میٹرز کے باعث 13 اگست کو رویت ممکن نہیں۔
دوسری جانب ہلال ریسرچ کونسل کے سیکرٹری جنرل خالد اعجاز مفتی نے بتایا کہ نیا چاند 12 اور 13 اگست کی درمیانی شب پاکستانی وقت کے مطابق رات 10 بجکر 36 منٹ پر ہو گا اور 13 اگست یعنی 29 صفر کو ربیع الاول کا چاند نظر آنے کے امکانات نہایت کم ہیں۔
ہلال ریسرچ کونسل نے واضح کیا کہ یہ تمام تاریخیں فلکیاتی اندازوں پر مبنی ہیں، جبکہ ربیع الاول کے چاند اور عید میلاد النبی کی حتمی تاریخ کا اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کی شہادتوں اور سرکاری فیصلے کے بعد کیا جائے گا۔
Comments
0 comment