آج یوم پاکستان ملی جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے

ویب ڈیسک
|
23 Mar 2025
پاکستان میں آج 85 برس مکمل ہونے پر یوم پاکستان کا دن ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق قرارداد پاکستان سے منسوب 23 مارچ کے دن کو ملک بھر میں ملی جوش کو جذبے سے منایا جائے گا اور اس حوالے سے سرکاری و نجی تقریبات بھی منعقد کی جائیں گی۔
ہر سال کی طرح امسال بھی پریڈ کی مرکزی تقریب منعقد کی جائے گی تاہم رمضان المبارک کیوجہ سے تقریب کو محدود پیمانے پر ایوان صدر کے احاطے میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
فوجی پریڈ میں صدر مملکت آصف علی زرداری بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گے جبکہ وزیراعظم، وفاقی وزرا، کئی ممالک کے سفرا اور متعدد اہم شخصیات شرکت کریں گی۔
پریڈ میں پاک فضائیہ کا دستہ ایئرپاسٹ کرے گا جبکہ مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے دستے صدر مملکت کو سلامی پیش کریں گے۔ اس کے بعد ایوارڈز کی تقریب کا انعقاد بھی کیا جائے گا جس میں مختلف شعبوں میں شاندار کارکردگی دکھانے والوں کو سرکاری اعزازات سے نوازا جائے گا۔
واضح رہے کہ یوم پاکستان 23 مارچ 1940 کو آل انڈیا مسلم لیگ کے اجلاس میں منظور کی گئی قرارداد کی یاد میں منایا جاتا ہے جس کی روشنی میں برصغیر کے مسلمانوں نے اپنے لیے ایک علیحدہ وطن کا خواب دیکھا تھا۔
یہ قرارداد لاہور کے منٹو پارک میں پیش کی گئی تھی جہاں اس کی یادگار کے طور پر مینار پاکستان تعمیر کیا گیا۔
Comments
0 comment