مائنس ون ہوگا یا پوری پی ٹی آئی مائنس ہوگی، فیصل واوڈا کا دعوی
ویب ڈیسک
|
8 Dec 2025
سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال اس موڑ پر کھڑی ہے جہاں یا تو “مائنس ون” فارمولا اپنایا جائے گا یا پھر پوری پی ٹی آئی کی سیاست ختم ہو کر رہ جائے گی۔
میڈیا سے گفتگو میں فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ ریاست کسی بھی غیر قانونی اقدام کو ہرگز برداشت نہیں کرے گی، اور اگر کوئی صورتحال پیدا ہوتی ہے تو ردِعمل “دگنا” ہوگا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی کی سیاست اور مقبولیت پہلے ہی بکھر چکی ہے، اور پارٹی قیادت نے عوام یا ملک کی خدمت کے بجائے طاقت اور پیسے کی جنگ میں وقت ضائع کیا۔ ان کے مطابق موجودہ سیاسی انتشار نظریاتی نہیں بلکہ ذاتی مفادات اور باہمی دشمنی کا نتیجہ ہے۔
فیصل واوڈا نے مزید دعویٰ کیا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کی پریس کانفرنس کے بعد پی ٹی آئی کے متعدد رہنماؤں نے ”سرنڈر“ کر دیا ہے، تاہم انہوں نے نام ظاہر کرنے سے انکار کر دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہی افراد جو پہلے “عمران خان کو رہا کرانے“ یا “جیلیں توڑنے“ کے بڑے بڑے دعوے کرتے تھے، اب خفیہ ملاقاتوں کی درخواستیں کر رہے ہیں۔
پی ٹی آئی کے اندرونی اختلافات پر بات کرتے ہوئے واوڈا نے کہا کہ پارٹی کے اپنے سینیٹرز اور وزراء کے ساتھ بدتمیزی اب معمول بن چکی ہے، جو اس بات کی علامت ہے کہ پارٹی اندر سے کمزور اور منتشر ہو چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی ”مائنس ون“ فارمولا قبول کر لے تو حالات بہتری کی طرف جا سکتے ہیں، بصورتِ دیگر پارٹی مکمل سیاسی تنہائی اور خاتمے کا سامنا کرے گی۔
Comments
0 comment