میر رضا کیس: والدین کا براہ راست نگرانی میں تحقیقات کرانے کا مطالبہ

2 hours ago

میر رضا کیس: والدین کا براہ راست نگرانی میں تحقیقات کرانے کا مطالبہ

درخواست میں وزیراعظم، وزیراعلیٰ سندھ اور پولیس کے اعلیٰ حکام سے کیس کی تحقیقات کی براہِ راست نگرانی کا مطالبہ
میر رضا کیس: والدین کا براہ راست نگرانی میں تحقیقات کرانے کا مطالبہ

ویب ڈیسک

|

19 Aug 2026

کراچی: نوجوان تاجر میر رضا کے والدین نے اپنے وکیل جبران ناصر کے ذریعے وزیراعظم، وزیراعلیٰ سندھ اور پولیس کے اعلیٰ حکام سے کیس کی تحقیقات کی براہِ راست نگرانی کا مطالبہ کردیا ہے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ نئی تحقیقاتی ٹیم نئے شواہد تلاش کرنے کے بجائے میر رضا کی ہلاکت کو خودکشی قرار دینے کے سابقہ مؤقف پر توجہ دے رہی ہے۔ والدین نے الزام عائد کیا کہ ابتدائی تفتیش میں بھی خودکشی کا مبینہ طور پر غلط بیانیہ پیش کیا گیا۔

میر رضا کے والدین نے کیس کی تحقیقات میں مبینہ بے ضابطگیوں اور شواہد سے نامناسب برتاؤ پر بھی تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ درخواست میں متعدد سینئر پولیس افسران کے خلاف کارروائی نہ ہونے پر اعتراض اٹھاتے ہوئے اعلیٰ حکام سے مداخلت کی اپیل کی گئی ہے۔

درخواست میں ڈی آئی جی ایسٹ فرخ لنجار، ایس ایس پی اسپیشلائزڈ انویسٹی گیشن یونٹ سمیع اللہ سومرو، ایس ایس پی ایسٹ زبیر نذیر شیخ، ایس پی ایسٹ عثمان سدوزئی، ایس ایس پی کرائم سین یونٹ آصف علی جاکھرانی سمیت دیگر افسران کے کردار کا جائزہ لینے اور ضروری کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ ایس ایچ او فیروز آباد عدیل افضل، ایس آئی او شبیر لغاری، ایس ایچ او گلستان جوہر کامران اور ڈی ایس پی شاہراہ فیصل ارشد آفریدی کے خلاف بھی کارروائی کی درخواست کی گئی ہے۔

والدین نے مؤقف اختیار کیا کہ کیس کی تفتیش میں سامنے آنے والی خامیوں اور شواہد سے متعلق معاملات کی غیر جانب دارانہ جانچ ضروری ہے، اس لیے اعلیٰ حکام براہِ راست تحقیقات کی نگرانی کریں تاکہ اصل حقائق سامنے آسکیں۔

 

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!