میئر کراچی کے ترجمان کیخلاف تاجر پر فائرنگ کرنے کا مقدمہ درج
ویب ڈیسک
|
5 Jan 2025
پی پی کے پارلیمانی لیڈر اور میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کے ترجمان کرم اللہ وقاصی کے خلاف برنس روڈ کے تاجر پر فائرنگ کا مقدمہ درج ٹیپوسلطان تھانے میں درج کر لیا گیا۔
مقدمہ الزام نمبر 6/25 تاجر فراز خان ولد محمد خان کی مدعیت میں جرم دفعہ 324 ، 109 ، 34 کے تحت درج کرایا گیا۔ ایف آئی آر کے متن میں ابتدائی طور پر انسپکٹر اقبال محمود نے اپنے بیان میں بتایا کہ میں جناح اسپتال کے ایمرجنسی وارڈ پہنچا اور معلوم کرنے پر پتہ چلا کہ کوئی شخص علاج و معالجے کے لیے جناح اسپتال لایا گیا۔
جس کا نام فراز خان معلوم ہوا ، مدعی فراز خان نے پولیس کو اپنے بیان میں بتایا کہ وہ مکان نمبر 260V بلاک 6 پی ای سی ایچ ایس سوسائٹی کراچی میں رہائشی پزیر ، میں اپنی کار میں سوار ہو کر 5 جنوری 2025 کو برنس روڈ سے گھر آتے ہوئے گلی شیل پمپ سندھ مسلم ہاؤسنگ سوسائٹی بلاک بی تقریباً سوا 7 بجے اندرونی گلیوں میں جمپ کی وجہ سے میں نے اپنی کار سلو کی اسی دوران پیچھے سے آنے والے دو موٹرسائیکل پر 4 اشخاص نے مجھ پر اچانک اپنے پاس اسلحہ سے فرئرنگ شروع کر دی۔
جس کے نتیجے میں میری کار اور مجھے دائیں گال پر ایک گولی لگ کر گردن کے پیچھے سے نکل گئی ، فائرنگ سے لوگ جمع ہوگئے جبکہ فائرنگ کرنے والے وہاں سے بھاگ گئے ، کچھ عرصہ قبل میں نے ہمراہ اپہنے پارٹنر طارق و دیگر کرم اللہ ، مظہر اور منصور شاہ نامی اشخاص نے مجھ سے روڈ وینچگ اور گارڈ کی صفائی کے لیے 9 کروڑ 87 لاکھ روپے مختلف اوقات میں وصول کیے تھے جن کی واپسی کے تقاضے پر انہوں نے مجھے جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دیں تھیں۔
اسی دوران ان تمام لوگوں نے مجھے اسلام آباد بلوا کر پیسے دینے کے بجائے کہا تھا کہ اوور نہ ہو ورنہ جان سے جاؤ گے اس کے بعد میں ان لوگوں سے ذریعے موبائل فون رقم کا تقاضہ کرتا رہا لیکن یہ لوگ مجھے جان سے مارنے کی دھمکیاں دیتے رہے مجھے قوی شک ہے کہ آج والا حملہ بھی ان تینوں نے مجھے جان سے مارنے کی نیت سے کیا تھا ، پولیس نے مدعی کا بیان قلمبند کرنے کے بعد مقدمہ درج کر کے ایف آئی آر شعبہ تفتیش کے حوالے کر دی ۔
Comments
0 comment