آپ نے گھبرانا نہیں ہے، میں مقابلہ کروں گا، عمران خان کو عدالتی فیصلے کے بعد بیان

آپ نے گھبرانا نہیں ہے، میں مقابلہ کروں گا، عمران خان کو عدالتی فیصلے کے بعد بیان

بانی پی ٹی آئی نے 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں سزا کے بعد بیان جاری کردیا
آپ نے گھبرانا نہیں ہے، میں مقابلہ کروں گا، عمران خان کو عدالتی فیصلے کے بعد بیان

ویب ڈیسک

|

17 Jan 2025

بانی پی ٹی آئی عمران خان نے احتساب عدالت سے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں 14 سال کی قید اور دس لاکھ روپے جرمانے کی سزا کے بعد بیان جاری کردیا۔

عمران خان نے اپنے بیان کے آغاز پر قوم، کارکنوں اور رہنماؤں کو پریشان نہ ہونے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ’آپ نے گھبرانا نہیں ہے، میں اس آمریت اور فسطائیت کا مقابلہ کرنے کیلیے ہر قسم کی کال کوٹھری اور جیل کاٹنے کو تیار ہوں، سرینڈر نہیں کروں گا اور مقابلہ کروں گا‘۔

انہوں نے کہا کہ میں اپنے اصولوں اور قوم کی حقیقی آزادی کی جدوجہد پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کروں گا۔ہمارا عزم حقیقی آزادی، جمہوریت اور قانون کی حکمرانی ہے،  جس کے حصول تک اور آخری گیند تک لڑتے رہیں گے- کوئی ڈیل نہیں کروں گا اور تمام جھوٹے کیسز کا سامنا کروں گا-

عمران خان نے کہا کہ میں ایک بار پھر قوم کو کہتا ہوں کہ حمود الرحمان کمیشن رپورٹ پڑھیں- پاکستان میں 1971 کی تاریخ دہرائی جا رہی ہے- یحیٰ خان نے بھی ملک کو تباہ کیا اور آج بھی ڈکٹیٹر اپنی آمریت بچانے کے لیے اور اپنی ذات کے فائدے کے لیے یہ سب کر رہا ہے اور ملک کو تباہی کے دہانے پر لا کر کھڑا کر دیا ہے- 

بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ آج القادر ٹرسٹ کے کالے فیصلے کے بعد عدلیہ نے اپنی ساکھ مزید تباہ کر دی ہے، جو جج آمریت کو سپورٹ کرتا ہے اور اشاروں پر چلتا ہے اسے نوازا جاتا ہے- جن ججز کے نام اسلام آباد ہائی کورٹ کے لیے بھیجے گئے ان کا واحد میرٹ میرے خلاف فیصلے دینا ہے-

انہوں نے کہا کہ یہ کیس تو دراصل نواز شریف اور اس کے بیٹے کے خلاف ہونا چاہییے تھا جنہوں نے برطانیہ میں اپنی 9 ارب کی پراپرٹی ملک ریاض کو  18 ارب میں بیچی، سوال تو یہ ہونا چاہیے کہ ان کے پاس 9 ارب کہاں سے آئے؟ پانامہ میں ان سے جو رسیدیں مانگی گئیں وہ آج تک نہیں دی گئیں۔ قاضی فائز عیسی کے ساتھ مل کر حدیبیہ پیپر ملز میں اربوں روپے کی منی لانڈرنگ معاف کروائی گئی۔

عمران خان نے کہا کہ القادر یونیورسٹی شوکت خانم اور نمل یونیورسٹی کی طرح ہی عوام کے لیے ایک مفت فلاحی ادارہ ہے جہاں طلبأ سیرت النبی ﷺ کے بارے میں تعلیم حاصل کر رہے تھے- القادر یونیورسٹی سے مجھے یا بشرٰی بی بی کو ایک ٹکے کا بھی فائدہ نہیں ہوا اور حکومت کو ایک ٹکے کا بھی نقصان نہیں ہوا- 

بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ القادر ٹرسٹ کی زمین بھی واپس لے لی گئی جس سے صرف غریب طلبأ کا نقصان ہو گا جو سیرت النبی ﷺ کے بارے میں تعلیم حاصل کر رہے تھے-  القادر ٹرسٹ کا ایسا فیصلہ ہے جس کا پہلے ہی سب کو پتہ تھا- چاہے فیصلے کی تاخیر ہو یا سزا کی بات سب پہلے ہی میڈیا پر آ جاتا ہے- عدالتی تاریخ میں ایسا مذاق کبھی نہیں دیکھا گیا- جس نے فیصلہ جج کو لکھ کر بھیجا ہے اسی نے میڈیا کو بھی لیک کیا-

عمران خان نے لکھا کہ میری اہلیہ ایک گھریلو خاتون ہیں جن کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں ہے- بشرٰی بی بی کو صرف اس لیے سزا دی گئی تاکہ مجھے تکلیف پہنچا کر مجھ پر دباؤ ڈالا جائے- ان پر پہلے بھی گھٹیا کیسز بنائے گئے- لیکن بشرٰی بی بی نے ہمیشہ اسے اللہ کا امتحان سمجھ کر مقابلہ کیا ہے اور وہ میرے کاز کے ساتھ کھڑی رہی ہیں-

انہوں نے کہا کہ مذاکرات میں اگر 9 مئی اور 26 نومبر پر جوڈیشل کمیشن بنانے پر کوئی پیش رفت نہیں ہوتی تو وقت ضائع کرنے کا کوئی فائدہ نہیں، بددیانت لوگ (cheaters) کبھی نیوٹرل ایمپائرز کو نہیں آنے دیتے-

انہوں نے کہا کہ حکومت جوڈیشل کمیشن کے  مطالبے سے اسی لیے راہ فرار اختیار کر رہی ہے کیونکہ وہ بد دیانت ہے۔” -

 

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!