پاکستان بھارت کے ساتھ مذاکرات میں کیا مطالبات رکھے گا؟

ویب ڈیسک
|
12 May 2025
وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے بھارت سے مذاکرات کی شرائط واضح کرتے ہوئے حکومت کی ترجیحات بتادیں۔
نجی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں وفاقی وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ اگر پاکستان اور بھارت کے درمیان مذاکرات ہوں تو تین اہم مسائل پر بات چیت ہوگی۔
انہوں نے بتایا کہ کشمیر، دہشت گردی اور پانی کے ان تین معاملات پر ہی بات ہوگی۔
خواجہ آصف نے زور دے کر کہا کہ پاکستان گزشتہ 20 سے 30 سال سے دہشت گردی کا شکار ہے اور اس معاملے میں سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک ہونے کے باوجود اس پر الزامات عائد کیے جاتے ہیں۔
انہوں نے اسے "ستم ظریفی" قرار دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف لڑنے والے ملک کو ہی موردِ الزام ٹھہرایا جاتا ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ کشمیر کے مسئلے کا حل دونوں ممالک کے لیے ایک سنہری موقع ہے۔ انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی کشمیر پر بات کرنے کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے مذاکرات میں پیشرفت کا راستہ کھلا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت کو چاہیے کہ وہ پاکستان کے ساتھ کشمیر سمیت تمام تنازعات پر سنجیدگی سے مذاکرات کرے تاکہ خطے میں پائیدار امن قائم ہو سکے۔
Comments
0 comment