پاکستانی پاسپورٹ دنیا کا چوتھا کمزور ترین پاسپورٹ قرار

پاکستانی پاسپورٹ دنیا کا چوتھا کمزور ترین پاسپورٹ قرار

ہینلے انڈیکس کے مطابق پاکستانی پاسپورٹ جنوری 2021 سے مسلسل دنیا کا چوتھا کمزور ترین پاسپورٹ قرار دیا جا رہا ہے
پاکستانی پاسپورٹ دنیا کا چوتھا کمزور ترین پاسپورٹ قرار

Webdesk

|

28 Jul 2026

کراچی: پاکستانی پاسپورٹ عالمی درجہ بندی میں ایک درجہ تنزلی کے بعد 101 ویں نمبر پر آ گیا . یہ دنیا کا چوتھا کمزور ترین پاسپورٹ ہے۔ہینلے پاسپورٹ انڈیکس 199 ممالک کے پاسپورٹس کا 227 سفری مقامات تک رسائی کی بنیاد پر موازنہ کرتا ہے۔

درجہ بندی اس بات کو مدنظر رکھ کر کی جاتی ہے کہ کسی ملک کے شہری کتنی منزلوں پر پیشگی ویزا کے بغیر یا ویزا آن ارائیول کے ذریعے سفر کر سکتے ہیں۔رپورٹ کے مطابق مئی میں پاکستانی پاسپورٹ رکھنے والے افراد کو 30 ممالک تک ویزا فری رسائی حاصل تھی.  تاہم جولائی میں یہ تعداد کم ہو کر 29 رہ گئی. جس کے باعث پاکستان کی رینکنگ 100 ویں سے 101 ویں نمبر پر آ گئی۔

ہینلے انڈیکس کے مطابق پاکستانی پاسپورٹ جنوری 2021 سے مسلسل دنیا کا چوتھا کمزور ترین پاسپورٹ قرار دیا جا رہا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستانی شہری بارباڈوس، کک آئی لینڈز، ڈومینیکا، ہیٹی، مائیکرونیشیا، مونٹسریٹ، روانڈا، سینٹ ونسنٹ اینڈ دی گریناڈائنز، دی گیمبیا، ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو اور وانواتو کا بغیر ویزا سفر کر سکتے ہیں۔

اسی طرح برونڈی، کمبوڈیا، کومورو جزائر، جبوتی، گنی بسا، مڈغاسکر، مالدیپ، موزمبیق، نیپال، نیوئے، پلا جزائر، ساموا، سینیگال، سیرا لیون، تیمور لیستے اور تووالو میں پاکستانی شہریوں کو ویزا آن ارائیول کی سہولت حاصل ہے، جبکہ کینیا، سیشلز اور سری لنکا کے لیے الیکٹرانک ٹریول اتھارائزیشن (ETA) بھی حاصل کی جا سکتی ہے۔

رپورٹ کے مطابق کیپ ورڈے، موزمبیق اور قطر نے رواں سال پاکستانی شہریوں کے لیے ویزا فری یا ویزا آن ارائیول کی سہولت ختم کر دی ہے. حالانکہ جنوری میں یہ سہولت دستیاب تھی۔

یاد رہے کہ مارچ میں پاکستانی پاسپورٹ 98 ویں نمبر پر تھا ، اس وقت 31 ممالک تک ویزا فری یا ویزا آن ارائیول رسائی حاصل تھی، جبکہ فروری میں پاکستان 97ویں نمبر پر تھا اور پاکستانی شہری 32 ممالک تک بغیر پیشگی ویزا سفر کر سکتے تھے۔

 جنوری میں دی گیمبیا کی جانب سے ویزا فری سہولت بحال کیے جانے کے بعد پاکستان کی رینکنگ میں بہتری آئی تھی۔

اس وقت فہرست میں پاکستان سے صرف شام، عراق اور افغانستان نیچے ہیں، جبکہ یمن 30 ممالک تک ویزا فری رسائی کے ساتھ پاکستان سے ایک درجہ بہتر پوزیشن پر موجود ہے۔

دوسری جانب سنگاپور 192 پوائنٹس کے ساتھ دنیا کے طاقتور ترین پاسپورٹ کی حیثیت برقرار رکھے ہوئے ہے، جبکہ جاپان، جنوبی کوریا اور متحدہ عرب امارات 188 پوائنٹس کے ساتھ مشترکہ طور پر دوسرے اور سویڈن 187 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔

گزشتہ ایک دہائی کے دوران پاکستانی پاسپورٹ مسلسل عالمی درجہ بندی کے نچلے حصے میں رہا ہے. تاہم 2021 کے مقابلے میں اس کی پوزیشن میں کچھ بہتری آئی ہے۔

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!