پشاور، پاک فوج کی کارروائی میں 5 دہشتگرد ہلاک، کیپٹن اور حوالدار شہید
Webdesk
|
26 May 2024
پاک فوج نے پشاور میں وطن دشمنوں کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 5 دہشتگردوں کو ہلاک اور 3 کو زخمی کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے پشاور کے علاقے حسن خیل میں دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا، آپریشن کے دوران 5 دہشتگردہلاک اور 3 زخمی ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانے کو موثر اندازمیں تلاش کیا، فائرنگ کے شدید تبادلے میں کیپٹن حسین جہانگیر اور حوالدار شفیق اللہ شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کی قیادت کیپٹن حسین جہانگیر کر رہے تھے جن کا تعلق رحیم یار خان سے تھا جبکہ 36 سال کے حوالدار شفیق اللہ کا تعلق کرک سے ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں، فورسز دہشتگردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
Comments
0 comment