پی ٹی آئی نے کارکنان کو الیکشن کی تیاری کی ہدایت کردی
ویب ڈیسک
|
11 Dec 2023
پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی نے ملک بھر کے کارکنان کو الیکشن کی تیاری کرنے اور کمر کسنے کی ہدایت کردی۔
پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا، جس میں ایک بار پھر الیکشن کمیشن آف پاکستان سے بلے کا نشان جاری کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔
اجلاس کے اعلامیے میں انٹراپارٹی انتخابات کے حوالے سے الیکشن کمیشن کے فیصلے کیخلاف اپیل پر پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے پر اطمینان کا اظہار کیا گیا اور کہا گیا ہے کہ ”بلّے“ کا انتخابی نشان کروڑوں ووٹرز کی سیاسی شناخت، تحریک انصاف کا حق اور وفاقِ پاکستان کی مضبوطی کا پاسبان ہے۔
کور کمیٹی نے کہا کہ ”بلّے“ کے انتخابی نشان کے اجراء میں تاخیر گہری تشویش کا باعث اور صاف شفاف انتخابات کے انعقاد میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے، تکنیکی و غیرتکنیکی اسباب کے ذریعے ”بلّے“ کا نشان ہتھیا کر جمہوریت کی ساکھ و سلامتی کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچانے کی متعصبانہ، غیرذمہ دارانہ اور ناقابلِ قبول کوششوں پر ہر حد تک مزاحمت کریں گے۔
پی ٹی آئی کور کمیٹی نے بانی چیئرمین عمران خان کے ویژن کی روشنی میں انتخابات کے حوالے سے جماعت کی انتخابی و سیاسی حکمت عملی پر گفتگو کرتے ہوئے انتخابات سے قبل مکمل طور پر پرامن اور قانون کے دائرے میں رہ کر عوامی کو انتخابات کیلئے تیار کرنے کی مہم آگے بڑھانے پر اتفاق کیا۔
کور کمیٹی کے اراکین نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف پرامن سیاسی جدوجہد کی بے مثال تاریخ رکھتی ہے، بدترین ریاستی جبر و فسطائیت کے باوجود پوری دلجمعی اور ثابت قدمی سے آئین و قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے اپنی سیاسی سرگرمیاں نہایت پرامن انداز میں آگے بڑھائیں گے۔
پی ٹی آئی قیادت نے کاہ کہ تحریک انصاف انتخابات کے التواء کی کوششوں سے واقف ہے، کارکن ان کوششوں پر کڑی نگاہ رکھتے ہوئے انتخابات کی تیاری کریں، شرپسندی و فتنہ گری کی ظاہری اور پوشیدہ کوششوں کے ذریعے انتخابات سے فرار کا موقع دیں گے نہ ایسی کسی کوشش کو کامیاب ہونے دیں گے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی مکمل اتحاد و یگانگت سے آگے بڑھے گی اور انتخابات میں بے مثال کامیابی کے ذریعے آئین و قانون کی بالادستی اور ملک کو معاشی و سیاسی مشکلات سے نکالنے کا جامع پروگرام نافذ کرے گی۔
کور کمیٹی نے کہا کہ الیکشن کمیشن اور زائدالمیعاد نگران حکومتیں جبر ترک کرکے صاف شفاف انتخابات کیلئے تمام جماعتوں کیلئے لیول پلیئنگ فیلڈ کا انتظام کریں۔
Comments
0 comment