پی ٹی آئی کا احتجاج، پشاور پولیس نے سرکلر جاری کردیا
Webdesk
|
21 Nov 2024
پشاور: پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے 24نومبر کو احتجاج کے سلسلے میں پشاور پولیس نے سرکلر جاری کردیاہے۔
ذرائع کے مطابق سیاسی نمائندوں کے ساتھ بطور سیکورٹی تعینات خیبرپختونخوا کے پولیس اہلکار کسی جلسہ جلوس میں شرکت نہیں کرینگے۔
اہلکاروں کی جلسے میں شرکت نہ کرنے کے حوالے سے پشاور پولیس نے سرکلر جاری کردیا۔ خلاف ورزی کرنے والے اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔سرکلر ڈی ایس پی ہیڈکواٹر کی جانب سے جاری کیا گیا ہے۔
تحریک انصاف کے 24 نومبر احتجاج میں خیبر پختونخواہ کے سرکاری وسائل و ملازمین کی شرکت روکنے کے حوالے سے بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے۔
چیف سیکرٹری خیبر پختونخواہ نے سرکاری ملازمین کو قانون اور آئین کے مطابق فرائض کی انجام دہی کی ہدایت جاری کردی ہے جبکہ چیف سیکرٹری کے پی نے آئی جی خیبر پختونخواہ سمیت تمام صوبائی اداروں اور انتظامیہ سربراہان کو مراسلہ بھی لکھ دیا ہے۔
مراسلے کے متن کے مطابق عوام کو بلا خوف و خطر تحفظ فراہم کرنا ہمارا فرض ہے، ہم قانون اور آئین کے تحت قوم کے خادم ہیں، ہمیں قانون اور آئین پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانا ہوگا۔
تمام ملازمین بلا خوف و خطر قانون و آئین کے مطابق اپنے فرائض سر انجام دیں، تمام ملازمین سیاسی ہمدردی سے بالاتر ہوکر غیر جانبداری سے فرائض ادا کریں۔
مراسلے کے مطابق سیاسی دباؤ کو نظر انداز کرتے ہوئے قانون کی پاسداری کو یقینی بنائیں، ہمارا الائنس ریاست اور آئین کے ساتھ ہے کسی سیاسی جماعت سے نہیں،سرکاری وسائل اور اختیارات کا۔ناجائز استعمال کسی صورت نہ کیا جائے۔
چیف سیکرٹری خیبر پختونخواہ کے مطابق بطور پبلک سرونٹ آئین،قانون اور عوام کے اعتماد پر پورا اترنے کیلئے اقدامات کریں، سیاسی قیادت کے احکامات بھی صرف آئین اور قانون کے مطابق مانے جائیں۔
Comments
0 comment