6 hours ago
امریکا میں بڑی کمپنیوں پر ہیکرز کا حملہ
Webdesk
|
6 Aug 2026
نیویارک: امریکہ کی معروف مالیاتی کمپنیوں اور سرمایہ کاری کے اداروں کو حالیہ دنوں میں پیچیدہ نوعیت کے سائبر حملوں کا نشانہ بنانے کی کوششیں کی گئی ہیں، ذرائع کے مطابق ہیکرز نے وال اسٹریٹ کی بڑی مالیاتی سروسز کمپنیوں کے معلوماتی نظام تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش کی۔
برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کا کہنا ہے کہ دو مختلف ذرائع نے، جنہوں نے معاملے کی حساسیت کے باعث اپنی شناخت ظاہر نہ کرنے کی درخواست کی، بتایا کہ دنیا کے چند بڑے ہیج فنڈز اور کئی پرائیویٹ ایکویٹی کمپنیوں کو ان حملوں میں نشانہ بنایا گیا ہے، ہیج فنڈز سے مراد ایسی بڑی سرمایہ کاری کمپنیاں ہیں جو اربوں ڈالر کے اثاثے سنبھالتی ہیں۔
ہیکرز نے فون کالز کے ذریعے کمپنیوں کے ملازمین کو دھوکا دینے کی کوشش کی تاکہ وہ انہیں اپنے کمپیوٹر سسٹمز تک رسائی دے دیں یا حساس معلومات فراہم کر دیں،ذرائع کے مطابق سرمایہ کاری کی معروف کمپنی پوائنٹ 72 ایسیٹ مینجمنٹ نے بدھ کے روز اپنے سرمایہ کاروں کو آگاہ کیا کہ اسے بھی ہیکرز کی جانب سے حملے کا سامنا کرنا پڑا۔
کمپنی نے اپنے سرمایہ کاروں کو بتایا کہ اس حملے کے دوران صارفین کی کوئی معلومات چوری نہیں ہوئیں۔
رائٹرز کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ ہیکرز نے دیگر معروف ہیج فنڈز کے معلوماتی نظام میں بھی داخل ہونے کی کوشش کی، جن میں ٹو سگما انویسٹمنٹس اور سٹیڈل بھی شامل ہیں۔ ٹو سگما نے اس معاملے پر فوری طور پر کوئی ردعمل نہیں دیا، جبکہ سٹیڈل اور پوائنٹ 72 نے تبصرہ کرنے سے انکار کیا۔
Comments
0 comment