پی ٹی آئی کو پنجاب سے بڑا دھچکا، صدر اور قیادت مستعفی
Webdesk
|
15 Aug 2024
اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف پنجاب کے صدر حماد اظہر نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق حماد اظہر نے کہا کہ ان کی بانی پی ٹی آئی عمران خان تک رسائی نہیں ہے، انہوں نے پریس کانفرنس نہیں کی اور نہ ہی کوئی ڈیل کی، ان کی نقل و حرکت پر بہت سختی ہے اور وہ اڈیالہ نہیں جاسکتے۔
حماد اظہرکا کہنا تھا کہ پنجاب کی تنظیم میں بہت سارے ایسے فیصلے ہوئے جن پر نہ تو ان کی رائے شامل تھی اور نہ ہی رضامندی، اکثر فیصلے ایسے بھی تھے جن پر میرٹ کے بجائے لابنگ اور بانی پی ٹی آئی تک محدود رسائی اور یکطرفہ معلومات پہنچائی گئیں۔
کافی عرصے سے لابنگ جاری تھی کی لاہور کے صدر چوہدری اصغرکو بدلا جائے، آج وہ کامیاب ہوگئے اور خان صاحب کو غلط حقائق دے کر ہدایت حاصل کرلی۔
اُنہوں نے کہا کہ پارٹی قیادت بھی مجھ سے متفق ہے کہ ایسے فیصلے صرف اور صرف خان صاحب تک محدود رسائی کا نتیجہ ہیں،کچھ ریجنز میں ہمارے رہنما بہت پریشان ہیں لیکن خان صاحب تک اطلاع نہیں۔
ایسی صورت میں مفاد پرست رابطے کے فقدان کا فائدہ اٹھاتے ہیں، بڑی تنظیمی ذمہ داری صرف ان لوگوں کے پاس ہونی چاہیے جن کی پارٹی لیڈر تک رسائی ہو، میں عمران خان کا ایک کارکن تھا اور رہوں گا۔
دوسری جانب تحریک انصاف لاہور کے صدر چوہدری اصغر گجر نے بھی پارٹی صدارت چھوڑ دی۔ ان کے ساتھ پی ٹی آئی لاہور کے جنرل سیکرٹری حافظ ذیشان رشید بھی مستعفی ہوگئے۔
Comments
0 comment