پی ٹی آئی کا یوم آزادی پر ملک گیر احتجاج کا اعلان

پی ٹی آئی کا یوم آزادی پر ملک گیر احتجاج کا اعلان

پی ٹی آئی نے یوم آزادی پر قیدیوں کی رہائی کیلیے ملک بھر میں پرامن احتجاجی ریلیاں نکالنے کا اعلان کردیا
پی ٹی آئی کا یوم آزادی پر ملک گیر احتجاج کا اعلان

Webdesk

|

13 Aug 2024

پاکستان تحریک انصاف نے ملک کے یوم آزادی کی مناسبت سے ملک گیر ریلیاں نکالنے کا اعلان کردیا ہے۔

پی ٹی آئی کی جانب سے ملک کے تمام بڑے شہروں میں کارکنان کو 13 اور 14 اگست کو احتجاجی ریلیاں نکالنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے لبرٹی چوک پر بڑے پروگرام کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے قائم مقام صدر اور جنرل سیکریٹری حماد اظہر نے اپنے پیغام میں زندہ دلان لاہور کو ریلی میں شرکت کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے آپ سے 13 اگست کی رات کو قومی اور پارٹی پرچموں کے ہمراہ نکلنے کی اپیل کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بانی چیئرمین عمران خان کی ہدایت پر 13 اگست رات کو قومی اور پارٹی پرچموں کےساتھ پنجاب بھر میں پرامن احتجاج کریں گے۔ اس کے ساتھ انہوں نے ’چلو چلو لبرٹی چوک لاہور چلو‘ کا نعرہ بھی لگایا۔

حماد اظہر نے کہا کہ 13 اگست کی رات 11 بجے پاکستان اور تحریک انصاف کے پرچم کےساتھ لبرٹی چوک پہنچیں اور عمران خان کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے لبرٹی چوک لاہور میں پرامن احتجاج کریں۔

انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ اپنے محبوب قائد عمران خان اور دیگر اسیران کی رہائی کے لئے نکلیںم بانی چیئرمین عمران خان، شاہ محمود قریشی، بشری بیگم، ڈاکٹر یاسمین راشد، سینیٹر اعجاز چوہدری، میاں محمود الرشید، عمرسرفراز چیمہ، میاں اکرم عثمان سمیت ورکروں کی کثیر تعداد ایک سے زائد عرصے سے ناحق جیلوں میں بند ہیں، ہمارا مطالبہ ہے کہ تمام اسیران کو فوری رہا کیا جائے۔

پی ٹی آئی کے سیکریٹری اطلاعات پنجاب شوکت بسرا نے کہا کہ قوم 13 اگست کی رات کو بھرپور تعداد میں نکل کر غلامی کی زنجیروں کو توڑ دے اور حکمرانوں کو بتائے کہ طاقت کا اصل سرچشمہ صرف عوام ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 13 اگست کی رات کو لبرٹی چوک پہنچ کر ثابت کرنا ہے کہ ملک پر جعلی اور فارم 47 کا کرپٹ ٹولہ مسلط کیا گیا ہے، جعلی حکومت نے عوام پر غنڈہ ٹیکس اور مہنگائی کے بم گرا دیئے ہیں، عوام ان کرپٹ حکمرانوں سے نجات چاہتے ہیں۔

 

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!