قید کے 500 دن: کسی صورت نہیں جھکوں گا، قوم تیار رہے جلد اگلی کال دوں گا، عمران خان
ویب ڈیسک
|
16 Dec 2024
پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان نے جیل میں اپنے 500 دن مکمل ہونے پر قوم کے نام پیغام بھیج دیا جس میں انہوں نےقوم سے تیار رہنے کی ہدایت کی ہے۔
سابق وزیراعظم کے سوشل میڈیا پر عمران خان کا بیان(500 دنوں سے ناحق قید عمران خان کا پیغام) کے عنوان سے شیئر کیا گیا ہے۔
دسمبر 16 ، 2024 کو اپنے پیغام کا آغاز عمران خان نے سورۃ الفاتحہ کی آیت جس کا ترجمہ ہے (اے رب ہم تیری عبادت اور تجھ سے ہی مدد مانگتے ہیں) سے کیا۔
عمران خان نے قوم کو مخاطب کرتے ہوئے ایک بار پھر اپنا روایتی جملہ سب سے پہلے تو آپ نے گھبرانا نہیں ہے کہا اور پھر بولا کہ میں ساری عمر بھی جیل میں گزارنے کے لئے تیار ہوں، لیکن وقت کے یزید کے آگے کبھی نہیں جھکوں گا۔
انہوں نے کہا کہ اللہ الحق ہے، وہ حق سچ کا خدا ہے اور صبر کرنے والوں کے ساتھ ہے۔ ہم سب اس ملک کی حقیقی آزادی کے لیےقربانی دے رہے ہیں، آپ نے صبر کرنا اور میرے ساتھ مل کر ظلم کا مقابلہ کرنا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ ڈی چوک میں دور حاضر کے جنرل ڈائیر نے قوم کو اپنا غلام گردانتے ہوئے نہتے اور پر امن شہریوں پر بلااشتعال گولیاں چلوائیں، ہم اس واقعہ کو کبھی بھی بھولنے نہیں دیں گے اور اپنے ورکرز اور شہدأ کو انصاف دلائیں گے۔
بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ مجھے ورکرز اور وکلا نے بتایا ہے کہ ابھی تک سامنے آنے والے 12 شہدا وہ ہیں جنہیں 26 نومبر کو مغرب سے پہلے شہید کیا گیا اور باقی لوگوں کو رات کو علاقے کی بجلی بند کروا کر گولیاں ماری گئی ہیں۔ ان کو کدھر غائب کیا گیا ہے؟ ابھی بھی درجنوں افراد لاپتہ ہین جن کی تلاش اور کوائف جمع کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔
عمران خان نے کہا کہ میڈیا سمیت ہزاروں لوگوں نے اندھا دھند فائرنگ اور بربریت اپنی آنکھوں سے دیکھی اور اس کے بعد اسپتالوں کا ریکارڈ غائب کرنے اور شہدا کی لاشیں ورثأ کو فراہم کرنے سے انکار کی بھی میڈیا رپورٹس موجود ہیں۔
بانی پی ٹی آئی نے مطالبہ کیا کہ جلد از جلد 9 مئی کے فالس فلیگ آپریشن اور 26 نومبر کے اسلام آباد قتل عام کی شفاف تحقیقات اور ذمہ داران کے تعین کے لئے آزادانہ جوڈیشل کمیشن تشکیل دیا جائے جس میں سینئر ترین سپریم کورٹ ججز شامل ہوں۔
انہوں نے ایک بار پھر قوم کو تیار رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ میں جلد اپنے اگلے لائحہ عمل کا اعلان کروں گا۔
Comments
0 comment