ریاست فسادیوں کے مقاصد پورے نہیں ہونے دے گی، وزیراطلاعات
Webdesk
|
26 Nov 2024
اسلام آباد : وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہاہے کہ ریاست تحمل کا مظاہرہ کر رہی ہے،بشریٰ بی بی لاشیں گرانے کی منصوبہ بندی کر کے آئی ہیں، ریاست فسادیوں کے مقاصد پورا نہیں ہونے دے گی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ ریاست تحمل کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ بشریٰ بی بی لاشیں گرانے کی منصوبہ بندی کر کے آئی ہیں۔
انہوںنے کہاکہ کرایہ کے لوگوں کو فرنٹ پر لایا گیا، یہ غریبوں کے بچوں کو ایندھن بنانا چاہتے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ 9 مئی کے مقاصد یہ لوگ دوبارہ حاصل کرنا چاہتے ہیں،پولیس اور رینجرز کے شہداء کا خون کس کے ہاتھ پر تلاش کریں؟ ۔
وزیر اطلاعات نے کہاکہ بیلاروس کے صدر کے دورے کو یہ سبوتاژکرنا چاہتے ہیں، ریاست فسادیوں کے مقاصد پورا نہیں ہونے دے گی۔
وفاقی وزیر نے کہاکہ بلوچستان اور سندھ سے احتجاج کے لئے کوئی نہیں نکلا، شہر کا امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ یہ لوگ ملکی ترقی کا سفر روکنا چاہتے ہیں، ملک دشمن عناصر کی کوششیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
انہوں نے پی ٹی آئی کے رویئے پر کہا کہ خون خرابے کے بغیر ان کا گزارہ نہیں ہے۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہم تو پاکستان پر جان تک قربان کرنے کو تیار ہیں، بہت آسان ہے کہ اینٹ کا جواب پتھر سے دیں، ملک دشمن ملک میں انارکی پھیلانا چاہتے ہیں، اجازت نہیں دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ان کے عمل کا ردعمل آئیگا، یہ غریبوں کے بچوں کو ایندھن بنا رہے ہیں، آپ کا ملک دشمن نظریہ ہے۔
عطاتارڑ نے کہا کہ بشری بی بی ڈی چوک خود پہنچیں، یہ چاہتے ہیں کہ کوئی سانحہ رونما ہوجائے، ریاست فسادیوں اور انتشاریوں کا مقصد پورا نہیں ہونے دیگی۔
Comments
0 comment