ریاست مخالف پروپیگنڈا کرنے والے 924 اکاؤنٹس کی نشاندہی
ویب ڈیسک
|
3 Dec 2024
ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ بلوچستان نے ریاست مخالف پروپیگنڈے میں ملوث ملزمان کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 924 سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی نشاندہی کرلی۔
تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ بلوچستان زون کا ڈائریکٹر عمران محمود کی زیر سربراہی سوشل میڈیا پر ریاست مخالف پروپیگنڈے میں ملوث عناصر کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری ہیں۔
ڈائریکٹر سائبر کرائم ونگ ویسٹ عمران محمود کو 3 ماہ قبل تعینات کیا گیا تھا جنہوں نےسوشل میڈیا اکاؤنٹس کی مانیٹرنگ اور تجزیے کیلیے خصوصی ٹیم تشکیل دی۔
مذکورہ ٹیم نے جدید ٹیکنالوجی کی بنیاد پر فیس بک، انسٹاگرام، ٹویٹر، ٹک ٹاک اور دیگر پلیٹ فارمز پر مشکوک سرگرمیوں کی نگرانی کی اور گزشتہ 3 ماہ کے دوران، ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ بلوچستان نے ریاست مخالف مواد شئیر کرنے میں ملوث 924 سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی نشاندہی کی۔
مذکورہ اکاونٹس کے حوالے سے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کو تفصیلات فراہم کردی گئیں، رپورٹ کردہ اکاؤنٹس میں 487 فیس بک ، 190 ٹک ٹاک ، 147 ٹوئٹر ، 88 انسٹا گرام اور 12 دیگر ایپلیکیشن کے اکاؤنٹس شامل ہیں۔
ایف آئی اے کے مطابق اب تک 312 اکاؤنٹس کو پی ٹی اے کی جانب سے بلاک کیا گیا ہے، ریاست مخالف عناصر کے خلاف 14 انکوائریاں درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا۔
علاوہ ازیں ایف آئی اے سائبر کرائم بلوچستان نے 28 مختلف سوشل میڈیا ایپلیکیشنز کی نشاندہی کی ہے جنہیں ریاست مخالف عناصر کے ذریعے گمنام رابطوں اور پروپیگنڈے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ ریاست مخالف عناصر کسی قسم کی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔
ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گےجبکہ نشاندہی کیلیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جارہا ہے۔
Comments
0 comment