سعودی عرب نے فیلڈ مارشل کو اعلی ترین ایوارڈ سے نواز دیا
ویب ڈیسک
|
22 Dec 2025
سعودی عرب نے پاکستان کے چیف آف ڈیفنس فورسز اور چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر کو دوطرفہ تعلقات کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کرنے پر اعلیٰ سرکاری اعزاز سے نواز دیا ہے۔
سعودی میڈیا کے مطابق یہ اعزاز ’کنگ عبدالعزیز میڈل (اعلیٰ درجے کا تمغہ) سعودی وزیرِ دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز نے ریاض میں ایک ملاقات کے دوران پیش کیا۔
کنگ عبدالعزیز میڈل مختلف درجات پر مشتمل ہوتا ہے اور مملکت کے مفادات کے لیے غیر معمولی خدمات انجام دینے والی شخصیات کو دیا جاتا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق یہ تمغہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کو پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اسٹریٹجک تعاون اور تعلقات کو مضبوط بنانے کی کوششوں کے اعتراف میں دیا گیا۔
یہ تقریب شہزادہ خالد بن سلمان کی جانب سے پاکستانی عسکری قیادت کے اعزاز میں منعقد کی گئی ملاقات کے دوران ہوئی۔
رپورٹ کے مطابق سعودی وزیرِ دفاع نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کو چیف آف ڈیفنس فورسز کے منصب پر تقرری پر مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
سعودی گزٹ کا کہنا ہے کہ ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے دیرینہ تعلقات، دفاعی تعاون اور خطے سمیت عالمی امن و سلامتی کے لیے مشترکہ اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
شہزادہ خالد بن سلمان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ حرمین شریفین کے متولی کی ہدایت پر انہوں نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کو سعودی۔پاکستان تعاون کے فروغ اور باہمی تعلقات کو آگے بڑھانے پر کنگ عبدالعزیز میڈل عطا کیا۔
یہ اعزاز دونوں برادر ممالک کے درمیان مضبوط ہوتے تعلقات اور دفاعی شراکت داری کی ایک اہم علامت قرار دیا جا رہا ہے۔
Comments
0 comment