شہدا کے سوگ سے فارغ ہوکر قوم قاتلوں کے مستقبل کا فیصلہ کرے گی، پی ٹی آئی

شہدا کے سوگ سے فارغ ہوکر قوم قاتلوں کے مستقبل کا فیصلہ کرے گی، پی ٹی آئی

مینڈیٹ چوروں نے معصوم بےگناہ شہریوں کی لاشوں کی چوری کی بھی ایک شرمناک تاریخ رقم کی ہے، شیخ وقاص اکرم
شہدا کے سوگ سے فارغ ہوکر قوم قاتلوں کے مستقبل کا فیصلہ کرے گی، پی ٹی آئی

Webdesk

|

30 Nov 2024

پاکستان تحریک انصاف نے عطا تارڑ کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ شہدا کے سوگ سے فارغ ہوکر عوام مجرموں کے مستقبل کا فیصلہ کریں گے۔

عطا تارڑ کی پریس کانفرنس کے ردعمل میں پی ٹی آئی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ ریاست چوروں اور قاتلوں کے غاصبانہ قبضے میں ہے، جب تک قاتل مسندوں پر رہیں گے عوام کی زندگیاں خطرے میں رہیں گی، ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں نے 26 نومبر کو اسلام آباد میں شہریوں کے خون سے ہولی کھیلی۔

انہوں نے کہا کہ مینڈیٹ چوروں نے معصوم بےگناہ شہریوں کی لاشوں کی چوری کی بھی ایک شرمناک تاریخ رقم کی ہے، دنیا کی سیاسی اور جمہوری تاریخ میں ایسی سفّاکیّت اور درندگی کہیں دیکھنے میں نہیں آئی۔

شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ پوری دنیا نے دیکھا کہ ان مجرموں نے نہتّے بےگناہ شہریوں کو قتل ہی نہیں کیا بلکہ اسپتالوں میں سینکڑوں زخمیوں کو علاج سے محروم اور اغوا بھی کیا، مقامی اور بین الاقوامی میڈیا کے نمائندے آج تک اسپتالوں سے مصدقہ ریکارڈ  کے متلاشی ہیں مگر قاتل ریکارڈ فراہم کرنے سے گریزاں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ معصوم اور بے گناہ شہداء کے لواحقین اپنے پیاروں کی لاشوں کیلئے در بدر کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں مگر مینڈیٹ چور لاشیں دینے سے گریزاں ہیں، سیاست کو خون آلود کرکے ظالموں نے مکالمے اور پرامن جدوجہد کے امکانات کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچایا ہے۔

شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ قوم اپنے شہداء کا خون ہرگز معاف نہیں کرے گی، شہریوں کے قاتلوں کو کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا اور ان سے حساب لیا جائے گا، دارالحکومت کی سڑکوں کو معصوموں کے خون میں نہلا کر جھوٹ سے اپنی یزیدت چھپانے والے کسی طور اپنی آستینوں سے لہو نہیں پونجھ پائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مجرموں نے آگ اور خون سے اپنے مستقبل کا عبرتناک انجام لکھا قریب تر کر دیا ہے، اپنے ٹیکس کے پیسے سے بندوقیں خرید کر دینے والے عوام نے اب ان بندوقوں کو تھامنے والوں کے چہروں پر اپنی نگاہیں گاڑ دی ہیں، شہداء کے سوگ سے فراغت کے بعد عوام مجرموں کے مستقبل کا فیصلہ کریں گے۔

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!