شراب برآمدگی کیس میں علی امین گنڈا پور کے ناقابل ضمانت وارنٹ برقرار
ویب ڈیسک
|
2 Nov 2024
جوڈیشل مجسٹریٹ مبشر حسن چشتی کی عدالت نے غیر قانونی اسلحہ و شراب برآمدگی کیس میں وزیر اعلی خیبرپختونخواہ علی امین گنڈاپور کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری برقرار رکھتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔
تھانہ بہارہ کہو میں درج غیر قانونی اسلحہ اور شراب برآمدگی کیس کی سماعت کے دوران علی امین گنڈاپور عدالت پیش نہ ہوئے جبکہ ان کے سینئر کونسل راجہ ظہور الحسن عدالت پیش ہوئے۔
عدالت نے استفسار کیاکہ علی امین گنڈاپور کے ناقابل ضمانت وارنٹ موجود ہیں وہ عدالت پیش ہو رہے ہیں یا نہیں، جس پر راجہ ظہور الحسن ایڈووکیٹ نے کہاکہ علی امین گنڈاپور صوبے کے چیف ایگزیکٹو ہیں سرکاری مصروفیات کے باعث عدالت پیش نہیں ہو سکتے۔
علی امین گنڈاپور قانون کی بالادستی پر یقین رکھتے ہیں،آئندہ سماعت پر عدالت پیش ہو جائیں گے،پشاور ہائی کورٹ نے علی امین گنڈاپور کی 8 نومبر تک ضمانت منظور کر رکھی ہے۔
عدالت 8 نومبر کے بعد کی کوئی تاریخ دے۔ اس موقع پر عدالت نے وکیل راجہ ظہور الحسن کو ہدایت کی کہ پشاور ہائی کورٹ کا حکم نامہ عدالت میں جمع کروادیں،جس پر وکیل نے کہاکہ کچھ دیر میں عدالتی حکم نامہ عدالت میں جمع کروا دیتے ہیں۔
عدالت نے کیس کی سماعت میں وقفہ کر دیا،جس کے بعد سماعت کے دوران وکلاء کی جانب سے پشاور ہائیکورٹ کے آرڈر کی کاپی عدالت میں پیش کردی گئی،عدالت نے وارنٹ گرفتاری برقرار رکھتے ہوئے سماعت15 نومبر تک کیلئے ملتوی کردی۔
Comments
0 comment