شیر افضل مروت نے عمر ایوب کے بعد شبلی فراز کے استعفے کا مطالبہ کردیا
Webdesk
|
28 Jun 2024
پاکستان تحریک انصاف کے رکن اسمبلی شیر افضل مروت نے عمر ایوب اور شبلی فراز کو ناکام ترین رہنما قرار دیتے ہوئے عمر ایوب کے بعد اب شبلی فراز سے بھی مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا۔
شیر افضل مروت نے عمر ایوب کی جانب سے پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل کا عہدہ چھوڑنے کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے دانشمندانہ قرار دیا اور مطالبہ کیا کہ پارٹی کے اہم عہدوں پر فائز چند دیگر افراد کو بھی ان کی پیروی کرنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ میرے مطالبے کی بڑی وجہ یہ ہے کہ اعلیٰ عہدوں پر بیٹھے رہنما پارٹی ایک بھی کام پورا کرنے میں ناکام رہے، خان جیل میں ہے اور مینڈیٹ کی بازیابی ابھی دور ہے، ہماری خواتین اور رہنما جیلوں میں بند ہیں اور ہم عوام کو ایک عظیم تحریک کے لیے متحرک کرنے میں ناکام رہے۔
شیرافضل مروت نے کہا کہ بلے کے نشان، مخصوص نشستوں، ضمنی انتخابات اور پارٹی کی تنظیم نو کا نقصان ایسی چند مثالیں ہیں جہاں پارٹی قیادت بری طرح ناکام رہی۔ پارٹی کی کور کمیٹی اور سیاسی کمیٹیاں فیورٹ پر مشتمل ہوتی ہیں اور فیصلے میرٹ پر نہیں ہوتے۔
انہوں نے کہا کہ میں شبلی فراز سے پارٹی آفس اور سینیٹ میں قائد حزب اختلاف دونوں سے استعفیٰ کا مطالبہ کرتا ہوں، شبلی فرازکے استعفے سے ہی پارٹی قبضہ مافیا کے چنگل سے آزاد ہوگی۔ اگر پارٹی کارکن مجھے میدان میں چاہتے ہیں تو میرے مطالبے کے حق میں آواز بلند کریں۔
اُن کا کہنا تھا کہ اگر شبلی کو ہٹایا گیا تو میں وعدہ کرتا ہوں کہ پارٹی وقت کی ضرورت کے مطابق اٹھے گی، اگر ہم ماضی کی طرح ناقص لوگوں پر خاموشی اختیار کرتے رہے تو فتح نظر نہیں آئے گی۔
Comments
0 comment