اسلام آباد دھماکا جگانے کیلیے کافی ہے، پاکستان حالت جنگ میں ہے، وزیر دفاع
ویب ڈیسک
|
11 Nov 2025
وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف نے دارالحکومت کی ضلعی کچہری میں ہونے والے خودکش حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے پوری قوم کے لیے ایک ویک اپ کال قرار دیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (X) پر جاری بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان اس وقت حالتِ جنگ میں ہے۔ اگر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ پاک فوج صرف سرحدی علاقوں یا بلوچستان کے دور دراز حصوں میں دہشتگردی کے خلاف لڑ رہی ہے تو آج اسلام آباد میں ہونے والا حملہ اس غلط فہمی کو دور کر دینے کے لیے کافی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ پورے ملک کی جنگ ہے جس میں پاک فوج ہر روز قربانیاں دے رہی ہے اور عوام کو تحفظ کا احساس دلانے کے لیے سرگرم ہے۔
وزیر دفاع نے اپنے بیان میں یہ بھی کہا کہ ایسے حالات میں کابل کے حکمرانوں سے بامقصد یا نتیجہ خیز مذاکرات کی توقع رکھنا غیر حقیقت پسندانہ ہوگا۔
ان کے مطابق افغان حکومت کے پاس پاکستان میں دہشتگردوں کی کارروائیاں روکنے کی صلاحیت موجود ہے، تاہم اسلام آباد میں حملہ کرنا دراصل کابل سے ایک واضح پیغام ہے، جس کا جواب دینے کی صلاحیت اور قوت پاکستان الحمدللہ رکھتا ہے۔
Comments
0 comment