سلمان اکرم راجہ کا پی ٹی آئی کے عہدے سے علیحدگی کا اعلان

سلمان اکرم راجہ کا پی ٹی آئی کے عہدے سے علیحدگی کا اعلان

عدالتی اور بطور وکیل خدمات مفت میں جاری رکھوں گا، بانی کے اعتماد پر شکر گزار ہوں، سلمان اکرم راجہ
سلمان اکرم راجہ کا پی ٹی آئی کے عہدے سے علیحدگی کا اعلان

ویب ڈیسک

|

25 Aug 2025

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے اپنے عہدے سے علیحدگی کا فیصلہ کر لیا ہے۔

انہوں نے اپنے ایک ٹوئٹ میں اس بات کا اعلان کیا اور کہا کہ وہ کل بانی پی ٹی آئی سے اس حوالے سے درخواست کریں گے۔

سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ وہ پارٹی کے لیے اپنی قانونی خدمات بلا معاوضہ جاری رکھیں گے۔ انہوں نے پارٹی چیئرمین کا ان پر اعتماد کرنے پر شکریہ ادا کیا اور اپنی زندگی کی جدوجہد پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ جمہوریت، آئین اور قانون کی بالادستی کے لیے آواز بلند کی ہے۔ وہ خواتین اور اقلیتوں پر جبر اور مزدوروں اور پنشنرز کے حقوق کے لیے بھی جدوجہد کرتے رہے ہیں۔

انہوں نے اپنی قانونی کامیابیاں بھی گنوائیں جن میں ائیر مارشل اصغر خان کیس، این آر او کے خلاف قانونی جدوجہد، ٹیریان، عدت، سائفر اور فوجی عدالتوں کے مقدمات میں کامیابی شامل ہے۔ انہوں نے مخصوص نشستوں کا مقدمہ جیتنے کو بھی ایک بڑی کامیابی قرار دیا۔

سلمان اکرم راجہ نے بتایا کہ انہیں 20 جھوٹے دہشتگردی کے مقدمات میں پھنسایا گیا، لیکن وہ جیل سے نہیں ڈرتے اور اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ نہ تو جاگیردار ہیں اور نہ ہی کوئی روایتی سیاستدان اور ان کا مختصر خاندان ان کے ساتھ کھڑا ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ انہوں نے پارٹی کے اندر اور باہر ہر قسم کے حملے برداشت کیے اور ڈٹے ہوئے ہیں آئندہ بھی ثابت قدم رہیں گے۔

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!