سندھ حکومت کا 29 جولائی کو تعطیل کا اعلان
Webdesk
|
27 Jul 2026
کراچی : حکومتِ سندھ نے 29 جولائی کو تعطیل کا اعلان کر دیا ہے. اس روز تمام صوبائی سرکاری دفاتر، نیم سرکاری ادارے بند رہیں گے۔
تفصیلات کے مطابق حکومتِ سندھ نے عظیم صوفی بزرگ حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائی رحم اللہ علیہ کے سالانہ عرس مبارک کے موقع پر 29 جولائی بروز بدھ کو صوبہ بھر میں عام تعطیل کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔
سندھ کے محکمہ سروسز، جنرل ایڈمنسٹریشن اینڈ کوآرڈینیشن کی جانب سے جاری کردہ آفیشل نوٹیفیکیشن میں کہا گیا کہ بدھ 29 جولائی کو سندھ بھر کے تمام صوبائی سرکاری دفاتر، نیم سرکاری ادارے، خودمختار باڈیز، بلدیاتی کونسلز اور تعلیمی ادارے مکمل طور پر بند رہیں گے۔
نوٹیفیکیشن میں تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس چھٹی پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائی کا سالانہ عرس سندھ کا سب سے بڑا روحانی اور ثقافتی اجتماع مانا جاتا ہے۔
اس موقع پر ضلع مٹیاری کے شہر بھٹ شاہ میں واقع ان کے مزارِ اقدس پر ملک بھر سے ہزاروں عقیدت مند، اسکالرز، شعرا اور موسیقار حاضری دیتے ہیں۔
عرس کی روایتی تقاریب میں قرآن خوانی، محفلِ سماع ، ادبی کانفرنسز، مشاعرے اور ثقافتی شوز شامل ہوتے ہیں، جو شاہ بھٹائی کے امن، محبت، بھائی چارے اور مذہبی رواداری کے ابدی پیغام کی عکاسی کرتے ہیں۔
Comments
0 comment