سانحۂ گل پلازا: جوڈیشل کمیشن کا پہلا اجلاس، عوام سے شواہد مانگ لیے
ویب ڈیسک
|
11 Feb 2026
سانحۂ گل پلازا کی تحقیقات کے لیے قائم جوڈیشل کمیشن کا پہلا اجلاس جسٹس آغا فیصل کی سربراہی میں منعقد ہوا، جس میں کمشنر کراچی کے علاوہ قانون اور داخلہ محکموں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں کمیشن نے تحقیقات کے عمل کو آگے بڑھانے کے لیے پبلک نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کیا، جس کے تحت عوام سے سانحے سے متعلق شواہد اور معلومات طلب کی گئی ہیں۔ جوڈیشل کمیشن کا کہنا ہے کہ اگر کسی شہری کے پاس اس واقعے سے متعلق کوئی اہم معلومات، دستاویزات یا شواہد موجود ہوں تو وہ کمیشن سے رابطہ کر سکتا ہے۔
کمیشن نے پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کو ہدایت دی ہے کہ پبلک نوٹس کو قومی اخبارات میں شائع کروایا جائے، تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد تک معلومات پہنچ سکیں۔ پبلک نوٹس میں جوڈیشل کمیشن کے دائرہ اختیار اور شرائطِ حوالہ (ٹی او آرز) بھی شامل کیے گئے ہیں۔
اعلامیے کے مطابق سانحے سے متعلق معلومات رکھنے والے افراد 20 فروری سے قبل بذریعہ ای میل کمیشن کو تفصیلات ارسال کر سکتے ہیں۔ عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ حقائق، عینی شواہد اور واقعاتی معلومات ای میل [email protected] پر بھیجیں۔
دوسری جانب چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس ظفر احمد راجپوت نے جوڈیشل کمیشن کے لیے سندھ ہائی کورٹ میں باقاعدہ سیکریٹریٹ قائم کر دیا ہے۔ جوڈیشل کمیشن کے سربراہ جسٹس آغا فیصل نے کمشنر کراچی کو کمیشن کے لیے ضروری عملہ فوری طور پر نوٹی فائی کرنے کی ہدایت بھی جاری کر دی ہے، جس میں رجسٹرار کمیشن، فوکل پرسن اور مختلف شعبوں کے ماہرین شامل ہوں گے۔
Comments
0 comment