سانحہ نو مئی، خیبرپختونخوا کابینہ نے بڑا فیصلہ کرلیا
ویب ڈیسک
|
28 Jun 2024
خیبرپختونخوا کی کابینہ نے نو مئی کے واقعات کی تحقیقات کیلیے جوڈیشل کمیشن بنانے کی منظوری دے دی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور کی زیر صدارت کابینہ اجلاس کا دسواں اجلاس ہوا جس میں صوبائی کابینہ نے 9 مئی کے واقعات کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن بنانے کی منظوری دی۔
کابینہ نے ڈی آئی خان کی سب ڈویژن کلاچی میں پولیس کے لئے 565 آسامیوں کی تخلیق کی منظوری دی جس میں 5 سب انسپکٹرز، 10 اسسٹنٹ سب انسپکٹرز، 50 ہیڈ کانسٹیبلز اور 500 کانسٹیبلز شامل ہیں،
نئی آسامیوں کی تخلیق پولیس کو مستحکم کرنے کی پالیسی اور امن و امان کی بہتری کے لئے کیا گیا، کابینہ نے پشاور، سوات، اور ایبٹ آباد کے طرز پر دیگر ڈیویژنل ہیڈ کوارٹرز میں ٹریفک وارڈن نظام متعارف کرانے کی بھی منظوری دی۔
کابینہ نے ٹریفک وارڈن سسٹم کے لیے 1,179 پوسٹوں کی تخلیق کرنے کی منظوری دی جس میں سپرنٹنڈنٹ پولیس، ٹریفک آفیسر، سینئر وارڈن، وارڈن، ہیڈ کانسٹیبل، اور جونیئر پیٹرولنگ آفیسر شامل ہوں گے۔
کابینہ نے کیڈٹ کالج رزمک، کیڈٹ کالج سپینکئی اور کیڈٹ کالج وانا کے لئے 319.627 ملین روپے کے اضافی فنڈ کی منظوری دی۔ اس کے علاوہ کابینہ نے اسلام آباد اور ایبٹ آباد میں خیبر پختونخوا ہاؤسز اور پشاور میں شاہی مہمان خانہ کے کرایوں میں 100 فیصد اضافہ کی منظوری دی۔
کابینہ نے 53 کلومیٹر 'بورڈ یختنگی-پورن-مارتونگ سڑک اور 18 کلو میٹر کالام-اتروڑ گبرال سڑک کو صوبائی اختیار میں لانے کی منظوری دی۔
Comments
0 comment