سنی اتحاد کونسل نے 26ویں آئینی ترمیم سپریم کورٹ میں چیلنج کردی
ویب ڈیسک
|
24 Dec 2024
سنی اتحاد کونسل نے 26 ویں ترمیم کیخلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی جس میں ترمیم کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔
درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ 26 ویں ترمیم غیر قانونی اور غلط طریقے سے منظور کی گئی ہے، آئینی ترمیم کو غیر قانونی قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ 26 ویں ترمیم 2024 غیر آئینی، غیر قانونی، اور ناقابل عمل ہے جس سے آئین کی اہم خصوصیات اور بنیادی اقدار ختم ہوگئیں، اس ترمیم سے بنیادی حقوق اور اختیارات کی تقسیم متاثر ہوئی ہے۔
درخواست میں کہا گیا کہ 26 ویں ترمیم سے عدلیہ کی آزادی ختم ہو گئی، یہ ترمیم آئین کی بنیادی خصوصیات کو بدلنے، منسوخ یا ختم کرنے کی کوشش ہے، ترمیم آئین کے آرٹیکل 239 کے تحت غیر قانونی اور ناقابل عمل ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ 26 ویں ترمیم کے سیکشنز 7، 10، 14، 17، 21 اور 27 کو غیر آئینی قرار دیا جائے، اس ترمیم کے تحت ہونیوالے تمام فیصلوں، نوٹیفکیشنز، تقرریوں یا دیگر اقدامات کو کالعدم قرار دیا جائے۔
Comments
0 comment