2 hours ago
سپریم کورٹ: عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف 13 مختلف مقدمات میں سماعت کے لیے مقرر
ویب ڈیسک
|
7 Feb 2026
سپریم کورٹ نے سابق وزیرِ اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف مختلف مقدمات اور ان سے متعلق عدالتی فیصلوں کی سماعت کے لیے دو رکنی بینچ تشکیل دے دیا ہے۔
عدالتِ عظمیٰ کے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی اس بینچ کی سربراہی کریں گے، جبکہ جسٹس شاہد بلال بھی بینچ کا حصہ ہوں گے۔ سپریم کورٹ کا یہ بینچ 9 فروری کو زیرِ التوا مقدمات کی سماعت کرے گا۔
سماعت کے لیے مقرر مقدمات میں الیکشن کمیشن کی جانب سے دائر فوجداری شکایت کے خلاف اپیل، آفیشل سیکرٹ ایکٹ اور نیب سے متعلق کیسز شامل ہیں۔ اس کے علاوہ القادر ٹرسٹ کیس میں عمران خان کی ضمانت کے خلاف نیب کی اپیل بھی سماعت کے لیے مقرر کی گئی ہے۔
بینچ سائفر کیس میں عمران خان اور سابق وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی کی بریت کے خلاف اپیل پر بھی غور کرے گا۔ اسی طرح 9 مئی کے واقعات سے متعلق لاہور کے مقدمات میں عمران خان کی ضمانت کے خلاف اپیلیں بھی سماعت کا حصہ ہوں گی۔
علاوہ ازیں ہتکِ عزت کے ایک مقدمے میں وزیرِ اعظم شہباز شریف کے خلاف عمران خان کی جانب سے دائر اپیلیں بھی سپریم کورٹ کے ایجنڈے میں شامل ہیں۔
Comments
0 comment