ٹرمپ نے فیلڈ مارشل کی طرف اشارہ کرنے سے پہلے شہباز شریف سے کیا پوچھا؟
ویب ڈیسک
|
24 Jan 2026
وزیراعظم شہباز شریف نے انکشاف کیا ہے کہ ورلڈ اکنامک فورم کے موقع پر ڈیووس میں ہونے والی مختصر ملاقات میں ٹرمپ نے فیلڈ مارشل کو پسندیدہ قرار دیتے ہوئے اُن کی خیریت دریافت کی۔
لندن پہنچنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ غزہ بورڈ آف پیس معاہدے کی تقریب میں جب میں ٹرمپ کے برابر میں بیٹھا تو انہوں نے فیلڈ مارشل سے متعلق استفسار کیا۔
شہباز شریف کے مطابق ’ٹرمپ نے دریافت کیا کہ میرے پسندیدہ فیلڈ مارشل کیسے ہے‘۔ وزیراعظم نے بتایا کہ میں نے اس پر اگلی صف میں بیٹھے فیلڈ مارشل کی جانب اشارہ کیا تو ٹرمپ نے انہیں دور سے دیکھ کر علیک سلیک کی۔
اس حوالے سے فوٹیجز بھی سامنے آئیں جس میں صدر ٹرمپ کو فیلڈ مارشل کی جانب اشارہ کرتے ہوئے دیکھا گیا۔
شہباز شریف نے بتایا کہ ڈیووس اجلاس کے موقع پر صدر ٹرمپ سے ہونے والی مختصر ملاقات خوشگوار رہی۔
وزیراعظم نے ٹرمپ کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے غزہ کے لیے بورڈ آف پیس کے قیام کے اقدام پر امریکی صدر کو سراہا اور اسے جنگ سے متاثرہ خطے میں امن کی بحالی کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ صدر ٹرمپ سے گفتگو میں واضح کیا کہ اگر فلسطینی عوام کے لیے امن، وقار اور بنیادی حقوق کو یقینی بنانے میں کامیاب ہو جاتے ہیں اور غزہ کی تعمیر نو کا عمل نتیجہ خیز ثابت ہوتا ہے تو تاریخ اس اقدام کو ان کی عظیم کارنامے کے طور پر یاد رکھے گی۔
Comments
0 comment