ٹرمپ نے ویزا پابندی کو اور سخت کردیا، مزید 7 ممالک بھی شامل

ٹرمپ نے ویزا پابندی کو اور سخت کردیا، مزید 7 ممالک بھی شامل

وائٹ ہاؤس نے امریکی صدر کے دستخط کے بعد حکم نامی جاری کر دیا
ٹرمپ نے ویزا پابندی کو اور سخت کردیا، مزید 7 ممالک بھی شامل

ویب ڈیسک

|

17 Dec 2025

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے منگل کے روز ویزا پابندیوں کا دائرہ مزید وسیع کرتے ہوئے سات نئے ممالک کو فہرست میں شامل کر لیا۔

یہ فیصلہ نومبر میں 19 ممالک پر سفری پابندیاں عائد کیے جانے کے ایک ماہ بعد سامنے آیا ہے۔

وائٹ ہاؤس کے مطابق صدر ٹرمپ نے ایک اعلامیے پر دستخط کیے ہیں جس کے تحت ایسے ممالک کے شہریوں پر داخلے کی پابندیاں مزید سخت کی گئی ہیں جن کے بارے میں امریکی حکام کا کہنا ہے کہ وہاں اسکریننگ، جانچ پڑتال اور معلومات کے تبادلے کے نظام میں مسلسل اور سنگین خامیاں موجود ہیں۔ انتظامیہ کا مؤقف ہے کہ یہ اقدام قومی سلامتی اور عوامی تحفظ کے لیے ضروری ہے۔

اس سے قبل امریکا نے 19 غیر یورپی ممالک کے شہریوں پر سفری پابندیاں عائد کی تھیں، جن میں افغانستان، میانمار، چاڈ، جمہوریہ کانگو، استوائی گنی، اریٹیریا، ہیٹی، ایران، لیبیا، صومالیہ، سوڈان اور یمن شامل تھے۔ ان ممالک کو جون میں جزوی پابندیوں کا سامنا بھی کرنا پڑا تھا۔

منگل کو جاری ہونے والے فیصلے کے تحت مزید سات ممالک کو فہرست میں شامل کیا گیا ہے، جن میں برکینا فاسو، مالی، نائجر، جنوبی سوڈان، شام اور فلسطینی اتھارٹی کے جاری کردہ سفری دستاویزات رکھنے والے افراد شامل ہیں۔ اس کے علاوہ لاوس اور سیرا لیون پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے، جن پر اس سے قبل صرف جزوی پابندیاں لاگو تھیں۔

یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب صدر ٹرمپ حالیہ مہینوں میں شام کے حوالے سے مثبت بیانات دیتے رہے ہیں اور نومبر میں شامی صدر احمد الشراع سے ہونے والی ملاقات کو تاریخی قرار دیا گیا تھا۔ احمد الشراع ماضی میں القاعدہ سے وابستہ رہ چکے ہیں اور حال ہی تک امریکا کی پابندیوں کی فہرست میں شامل تھے۔

صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ان پابندیوں کا مقصد امریکا کو غیر ملکی دہشت گردوں اور دیگر سیکیورٹی خطرات سے محفوظ رکھنا ہے۔ نئی پابندیاں مستقل رہائشیوں کے علاوہ سیاحوں، طلبہ اور کاروباری مسافروں پر بھی لاگو ہوں گی۔

جنوری میں دوبارہ اقتدار سنبھالنے کے بعد ٹرمپ نے امیگریشن کنٹرول کو اپنی ترجیح قرار دیا ہے۔ اس مقصد کے لیے مختلف شہروں میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو متحرک کیا گیا ہے، جبکہ امریکا میں پناہ کی تلاش میں آنے والے افراد کو بھی داخلے سے روکا جا رہا ہے۔

نئی پالیسی کے تحت فہرست میں شامل تمام ممالک سے آنے والے تارکینِ وطن کی دوبارہ جانچ پڑتال کی جائے گی، اور ضرورت پڑنے پر ان کے انٹرویوز بھی دوبارہ لیے جائیں گے تاکہ قومی سلامتی اور عوامی تحفظ سے متعلق خدشات کا مکمل جائزہ لیا جا سکے۔

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!