وزیر اعظم شہباز شریف نے قوم سے دو ماہ کا وقت مانگ لیا
ویب ڈیسک
|
15 Jun 2024
وزیراعظم شہباز شریف نے معاشی حالات کی بہتری اور دیگر اقدامات کے لیے قوم سے دو ماہ کی مہلت مانگ لی۔
شہباز شریف نے قوم سے خطاب میں کہا کہ آپ جلد بہت مثبت تبدیلیاں دیکھیں گے اور میں ڈیڑھ سے دو ماہ کے بعد آپ کے سامنے ساری صورت حال رکھوں گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت غیر ضروری، کرپشن اور قومی خزانے پر بوجھ بننے والے سرکاری اداروں کو بالکل ختم کرنے جارہی ہے، جیسے پی ڈبلیو ڈی کو ختم کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس حوالے سے ایک وزارتی کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے۔
شہباز شریف نے قوم کو آسرا دیتے ہوئے مزید صبر کرنے کا مشورہ دیا اور امید دلائی کہ پاکستان جلد اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرلے گا اور ملک تیزی سے ترقی کی طرف گامزن ہوگا، اس سے پہلے ہمیں مقامی سرمایہ کاری کو یقینی بنانا ہوگا جبکہ ایسا ماحول پیدا کرنا ہوگا جس سے عالمی ادارے بھی پاکستان کی طرف آئیں۔
انہوں نے کہ مہنگائی کی وجہ سے غریبوں کیلیے ایک وقت کی روٹی مشکل ہوگئی، حکومتی اقدامات کی وجہ سے مہنگائی کی شرح 38 فیصد سے اب 12 فیصد پر آگئی ہے اور مستقبل میں یہ مزید کم ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پیٹرول کی قیمت میں مزید کمی کی ضرورت ہے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔
Comments
0 comment